فراہمی آب کی اسکیم پر دوبارہ کام شروع ہوگیا،عا جزدھامراہ

 فراہمی آب کی اسکیم پر دوبارہ کام شروع ہوگیا،عا جزدھامراہ

حیدر آباد(نمائندہ دنیا)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے ترجمان عاجز دھامراہ نے کہا ہے کہ حیدر آباد کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کی 200ملین روپے کی اے ڈی پی اسکیم منظورکرائی گئی تھی۔

 جس کے ثمرات سے حیدرآباد کی 3لاکھ سے زائد آبادی کو مستفید ہونا ہے ،اس اسکیم کو ایک سال کے عرصے میں مکمل ہوجانا تھا،لیکن نگراں حکومت کے دور میں اس اسکیم پر کام بند کر دیا گیا تھا لیکن ہماری کوششوں اور وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر اس اسکیم پر آج سے دوبارہ کام شروع ہو نے جا رہا ہے۔ یہ بات انہوں نے ہالا ناکہ پر اسکیم کے سائٹ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اسکیم کے تحت حیدرآباد کے عوام کو فلٹر شدہ پینے کا صاف پانی اکرم واہ سے فراہم کرنا شروع کیا جائے گا اور پائپ لائنوں کے ذریعے پانی کو گڑھ مارکیٹ تک منتقل کیا جائیگا جہاں پر فلٹر پلانٹ بنایا جا رہا ہے جس کے بعد مسان روڈ ، میمن پاڑہ ، کھائی روڈ ، لیاقت کالونی سمیت پی ایس64کے دیگر علاقوں کے 3لاکھ سے زیادہ عوام کو پینے کے فلٹر پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔انہوں نے کہا کہ کیونکہ واسا کی دونوں پرانی لائنیں خراب ہوگئی ہیں اس لیے عوام کی پریشانی کو مدنظر رکھتے ہوئے پانی کی نئی لائنیں بچھائی جارہی ہیں۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں