غیرت کے نام پر بہن اور بہنوئی کے قتل کا ملزم گرفتار

غیرت کے نام پر بہن اور بہنوئی کے قتل کا ملزم گرفتار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈسٹرکٹ کیماڑی انویسٹی گیشن پولیس نے دہرے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔ملزم کی شناخت ملوک حسین کے نام سے ہوئی۔

 ملزم نے 7 اپریل کو موچکو کے علاقے رئیس گوٹھ میں بہن،بہنوئی کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا،واقعہ میں جاوید اور اسکی بیوی دیدار فائرنگ سے ہلاک ہوگئے تھے جبکہ ڈیڑھ سال کی بچی زخمی ہوگئی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول میاں بیوی نے چار سال قبل پسند کی شادی کی تھی اور رئیس گوٹھ میں رہائش پذیر تھے ۔ واقعہ کا مقدمہ ملوک حسین، شکیل اور شبیر پسران محمد حسین کے خلاف درج کیا گیا تھا۔واردات کے بعد ملزمان فرار ہوگئے تھے تاہم تفتیشی ٹیم نے دہرے قتل میں ملوث ایک ملزم ملوک حسین کو گرفتارکر لیا جس سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ دیگر ملزمان کو بھی جلد گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔علاوہ ازیں ریلوے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ریلوے مٹیریل کی چوری میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔ملزم کے قبضے سے الیکٹرک وائر 72 فٹ برآمد کرلی گئی ۔ ریلوے پولیس نے بتایا کہ دوران چیکنگ ملزم محمد عثمان ولد خوشی محمد کو سفید رنگ کے بورے میں ریلوے مٹیریل الیکٹرک وائر 72 فٹ 120MM چوری کر کے لے جاتے ہوئے گرفتار کیا ۔ملزم نے مزید دریافت پر بتایا کہ یہ واشنگ لائن میں کھڑی کوچ نمبر 12840 اکانومی کلاس سے کاٹی ہے ،  مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں