واٹرکارپوریشن کے مالی معاملات غیرسرکاری شخص کے سپرد

واٹرکارپوریشن کے مالی معاملات غیرسرکاری شخص کے سپرد

کراچی (رپورٹ:محمد علی حفیظ )واٹر کارپوریشن جیسے بڑے ادارے کے مالی امور اور بڑے ٹھیکوں کے تمام معاملات جگو نامی غیر سرکاری شخصیت کے سپرد کردیئے گئے ۔

 ذمہ دار زرائع کا کہنا ہے کہ سابق گورنر سندھ کے قریبی عزیز اور واٹر کارپوریشن کے مرکزی کردار کے درمیان خصوصی تعلقات اور مضبوط دوستی کی وجہ سے واٹر کارپوریشن کے مالی امور اور بڑے ٹھیکوں کے تمام معاملات مذکورہ شخص کے ہاتھ میں دے دیئے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص کو واٹر کارپوریشن کے مرکزی کردار نے ایم ڈی سیکریٹریٹ کی تزئین و آرائش کے کام کا بڑا ٹھیکہ دیا جبکہ شہر کے 7سرکاری واٹر ہائیڈرنٹ سیل میں کمپیوٹرائزڈ میٹرز کی تنصیب کا کام بھی مذکورہ شخصیت کو دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت واٹر کارپوریشن کے تمام اعلیٰ افسران ، محکمہ فنانس کے کرتا دھرتا بھی اس شخصیت سے پریشان ہیں محکمہ فنانس کا غیر اعلانیہ کنٹرول بھی اس شخص کے پاس ہے جس کے احکامات پر ترجیح بنیادوں پر مخصوص ٹھیکے داروں کو بھاری رقم کی ادائیگیاں جاری ہیں لیکن ادارے کے ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگیاں معطل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یونین لیڈران واٹر کارپوریشن میں جگو کی غیر ضروری مداخلت سے سخت نالاں ہیں۔ مزدور رہنمائوں نے جلد میئر کراچی کے سامنے یہ معاملہ اٹھانے کا عندیہ دیا ہے دوسری جانب واٹر کارپوریشن کے حکام نے جگو نامی شخص کی مداخلت اور اس کو نوازنے کی سختی سے تردید کی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں