سرکاری و صنعتی ملازمین بے چینی کا شکار ہیں، نوید عباسی

سرکاری و صنعتی ملازمین بے چینی کا شکار ہیں، نوید عباسی

حیدر آباد(نمائندہ دنیا)ایم کیو ایم پاکستان حیدر آباد ڈسٹرکٹ کے قائم مقام آرگنائزر نوید عباسی نے ڈسٹرکٹ آفس پر ایم کیو ایم لیبر ڈویژن کے مرکزی ذمہ داران ، جوائنٹ انچارج ندیم خان ،اراکین مرکزی کمیٹی ظفر عباس،اشرف بوزئی، آصف صدیقی،عظیم ظہور، ظہیر احمد سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے۔۔

 کہا کہ حیدرآباد کے محنت کشوں کے مسائل کے حل کے لئے ایم کیو ایم لیبر ڈویژن کوشاں ہے اور اس کے ذمہ داران و کارکنان صنعتی و سرکاری اداروں میں ورکرز کے مسائل کے حل کے لئے جہدوجہد کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں مہنگائی و ملکی معاشی ابتری نے عام آدمی کا جینا محال کر دیا ہے جب کہ سرکاری و صنعتی اداروں کے ملازمین بھی بے چینی کا شکار ہیں جنہیں حکومت کی جانب سے اعلان کردہ مراعات بھی نہیں ملتیں اور ان اداروں میں مزدور طبقہ سخت بے چینی کا شکار ہے ۔انہوں نے کہاکہ پرائیویٹ اداروں میں غیر ہنر مند کارکنوں کی حکومت کی جانب سے کم از کم اجرت کے حکم پر شاذ و نادر ہی عمل ہو رہا ہے اور پرائیوٹ اداروں میں یہ ورکرز کئی برس سے ملازمت کرنے کے بعد بھی مستقل نہیں ہوپارہے جس کی وجہ سے وہ دہری پریشانیوں کا شکار رہتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ حیدرآباد میں ورکرز ویلفیئر بورڈ بھی مزدوروں کے حقوق غصب کرنے کا ادارہ بن چکا ہے ، جہاں بغیر سفارش و رشوت کے کوئی کام نہیں ہوتا۔انہوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ وفاق کے اعلان کردہ کم از کم تنخواہ کے اعلان پر حیدر آبادکے پرائیویٹ اداروں میں سختی سے عملدرآمد کروائے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں