سپریم کورٹ نے وی سی ڈاؤ یونیورسٹی تعیناتی کیس نمٹادیا

سپریم کورٹ نے وی سی ڈاؤ یونیورسٹی تعیناتی کیس نمٹادیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سپریم کورٹ نے ڈاکٹر سعید قریشی کو وائس چانسلر ڈائو یونیورسٹی تعینات کرنے سے متعلق درخواست واپس لینے پر نمٹادی۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل بینچ کے روبرو مذکورہ درخواست پر سماعت ہوئی۔

درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ تقرری کیلئے مجاز اتھاڑتی گورنر نے سعید قریشی کی سمری مسترد کردی تھی۔جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ سعید قریشی کی سابقہ 4 سالہ مدت تو ختم ہوچکی ہے ،آپ دوسری تقرری کو چیلنج کرنا چاہتے ہیں تو نئی درخواست دائر کریں۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ قانون میں لکھا ہے کہ موجودہ پروفیسرز کے درمیان سے انتخاب ہوگا۔ سعید قریشی تو ریٹائر ہوگئے تھے تو ان کا کیسے تقرر کیا؟ ۔ایڈووکیٹ جنرل نے متعلقہ دستاویزات پیش کرنے کیلئے مہلت مانگ لی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ ہم مزید کیس ملتوی نہیں کرسکتے ، آپ ابھی انسٹرکشن لے کر بتائیں کہ حکومت کا کیا موقف ہے ؟، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس میں کہا کہ یونیورسٹی میں مستقل پروفیسرز کے درمیان سے وائس چانسلر منتخب کرنا تھا،یہ نکتہ ترمیم کے بعد نہیں رہا۔ اب تو باہر سے بھی لا کر وائس چانسلر لگا سکتے ہیں۔درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ وزیر اعلی ٰ صاحب کو صرف سعید قریشی صاحب نظر آ رہے ہیں۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں