اورنگی میں ٹینکر مافیا کاراج،شہری پانی کوترس گئے،احتجاج کرینگے،ایم کیو ایم

اورنگی میں ٹینکر مافیا کاراج،شہری پانی کوترس گئے،احتجاج کرینگے،ایم کیو ایم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں پانی کی چوری کب روکی جائے گی ؟ اورنگی ٹاؤن ، قصبہ علی گڑھ اور اطراف کی آبادیوں میں پانی کی قلت کب ختم ہوگی، ایم کیو ایم ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے واٹر کارپوریشن کے سی ای او سید صلاح الدین احمد کے سامنے سوالات اٹھا دیے ۔

 ایم کیو ایم کے وفد میں ایم این اے امین الحق ، اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی علی خورشیدی و دیگر شامل تھے ۔ وفد نے اورنگی ٹاؤن میں پانی مافیا کے متحرک ہونے ، جگہ جگہ پانی کی چوری اور رہائشی آبادیوں میں پانی کی عدم فراہمی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ارکان اسمبلی نے پانی کی چوری ہونے والے مقامات کی نشاندہی بھی کی اور کہا کہ دھڑلے سے پانی مافیا کا کام کرنا متعلقہ اداروں کیلئے سوالیہ نشان ہے ۔ ارکان سندھ اسمبلی نے زور دیا کہ واٹر کارپوریشن افسران دعوؤں کے بجائے عملی طور پر غیر قانونی کنکشنز کاٹنے کیلئے بڑا آپریشن کرے ۔ سید امین الحق نے کہا ہے کہ پانی کی فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے شہریوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں،اورنگی ٹاؤن میں بسے لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ پورے شہر میں سیوریج کا نظام درہم برہم ہے ۔ملاقات میں عندیہ دیا گیا کہ اگر مسائل حل نہ ہوئے تو عوام احتجاج پر مجبور ہونگے ۔ دوسری طرف ترجمان کراچی واٹر کارپوریشن نے بیان جاری کیا کہ سندھ حکومت کی ہدایات کے تحت واٹر کارپوریشن تمام شہریوں کو بلا تفریق فراہمی و نکاسی آب کی سہولتیں فراہم کر رہی ہے ۔وفد نے ڈی جی نادرا سندھ سے بھی ملاقات کی اورشہریوں کے بلاک شناختی کارڈز اور ایف کیس کے حوالے سے بھی تشویش کا اظہار کیا۔اس موقع پر سرجانی ٹاؤن میں نئے نادرا سینٹر کے قیام پر اتفاق کیا گیا۔ ایم کیو ایم وفد نے کہا کہ اورنگی ٹاؤن کے نادرا دفتر کے اوقات بڑھا کر اسے ڈبل شفٹ میں چلایا جائے ، شہر کے مختلف علاقوں میں نادرا کے موبائل یونٹ بھیجے جائیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں