ٹریفک مسائل،میئرنے وزیراعظم سے مدد مانگ لی

ٹریفک مسائل،میئرنے وزیراعظم سے مدد مانگ لی

کراچی (اسٹاف رپورٹر )میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے وزیر اعظم شہباز شریف سے کراچی میں ٹریفک جام کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے پورٹ سے اندرون ملک آنے اور جانے والی ہیوی ٹریفک کو لیاری ایکسپریس وے استعمال کرنے کی اجازت دینے کی درخواست کردی۔

تفصیلات کے مطابق میئرکراچی مرتضی وہاب کی جانب سے ارسال کردہ خط میں کراچی میں ٹریفک مسائل کے خاتمے کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف سے کردار ادا کرنے کی درخواست کی گئی ہے ۔ خط میں وزیر اعظم سے نامکمل وفاقی پراجیکٹ گرین لائن منصوبے کے باعث ٹریفک مسائل سے آگاہ کرتے ہوے اقدامات کی درخواست کی گئی ہے ۔ خط کے متن کے مطابق گرین لائن بس سروس منصوبہ سندھ انفرااسٹرکچر کمپنی نے مکمل کرنا تھا جس کی تکمیل میں تاخیر کے باعث نمائشی چورنگی سے میونسپل پارک جامع کلاتھ مارکیٹ تک بہت بری صورتحال ہے اور گرین لائن منصوبے کے نامکمل ٹریک کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہورہی ہے ۔ ایم اے جناح روڈ سے روزانہ گزرنے والے لاکھوں افراد کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ ٹریفک جام کے باعث شہریوں کا قیمتی وقت کا ضیائع معمول بن گیا ہے جبکہ لیاری ایکسپریس وے منصوبے پر ہیوی ٹریفک پر عائد پابندی کی وجہ سے بھی اندرون شہر ٹریفک جام کے مسائل کا سامنا ہے ۔ پورٹ سے اندرون ملک آنے اور جانے والی ہیوی ٹریفک شہر کی مختلف شاہراہوں سے گزرتی ہے جس کے باعث شہر کی مختلف سڑکوں پر ٹریفک جام کے مسائل درپیش ہیں ۔ خط میں وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ لیاری ایکسپریس وے کے ماہرین کے مطابق اس منصوبے پر ہیوی ٹریفک چل سکتی ہے لہٰذا کراچی میں ٹریفک مسائل کے حل کے لئے لیاری ایکسپریس وے پر کراچی پورٹ سے اندرون ملک جانے اور آنے والی گاڑیوں کو داخلے کی اجازت دی جائے ۔ خط میں مزید کہا گیا کہ آپ کی دلچسپی اور قائدانہ صلاحتیوں نے لاہور کو تبدیل کیا، کراچی میں ٹریفک کے مسائل بھی آپ کی توجہ کے منتظر ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں