قتل کی تحقیقات،برطرف پولیس اہلکار کا کرمنل ریکارڈ نکل آیا

 قتل کی تحقیقات،برطرف پولیس اہلکار کا کرمنل ریکارڈ نکل آیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کورنگی بلال کالونی میں دو دوستوں کے قتل کے واقعے کی تحقیقات میں ہوشربا انکشافات سامنے آگئے ۔ دہرے قتل کے مرکزی ملزم برطرف پولیس اہلکار محمد دانش کے کرمنل ریکارڈ نے پول کھول دی۔

کورنگی بلال کالونی میں فائرنگ کے واقعے میں 2 دوستوں 36 سالہ محمد علی اور40 سالہ امتیاز کو قتل کرنے کا مقدمہ پانچ ملزمان سلطان، نادر، نعمان عرف شاہو پٹھان، سابق پولیس اہلکار دانش اور ایک صورت شناس نامعلوم ملزم کے خلاف درج کیا گیا تھا۔ ریکارڈ کے مطابق ملزم محمد دانش جرائم پیشہ ہونے کے باوجود محکمہ پولیس میں بھرتی ہوا۔ ملزم 2015 سے خطرناک جرائم میں ملوث تھا جبکہ 2017 میں وہ پولیس میں بھرتی ہوا۔ ملزم پہلی بار 2015 میں جیکسن پولیس کے ہاتھوں اغوا کے الزام میں گرفتار ہوا، 2015ء میں ہی فیروز آباد پولیس نے لوٹ مار کے الزام میں گرفتار کیا۔پولیس میں بھرتی کے اگلے ہی سال دانش کو فیروز آباد پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد گرفتار کیا۔ 2020ء میں دانش سنگین الزامات میں کورنگی صنعتی ایریا پولیس کے ہاتھوں3بار گرفتار ہوا۔ذرائع کے مطابق سال 2020ء میں ہی دانش کو محکمہ پولیس سے برطرف کردیا گیا۔ ملزم کے خلاف مختلف تھانوں میں مجموعی طور پر 9 مقدمات درج ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد دانش برطرف ہونے کے باوجود تھانہ کورنگی صنعتی ایریا کی اسپیشل پارٹی بھی چلا رہا تھا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں