نئے نادرا سینٹرز کے قیام کیلئے عملی اقدامات کا مطالبہ

نئے نادرا سینٹرز کے قیام کیلئے عملی اقدامات کا مطالبہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر و پبلک ایڈ کمیٹی کے صدر سیف الدین ایڈووکیٹ کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے ڈائریکٹر جنرل نادرا سندھ احتشام شاہد سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور میگا سینٹر ودیگر دفاتر میں عوامی مشکلات وپریشانیوں،لمبی قطاروں ۔۔

عوام کی تذلیل،غیر ضروری دستاویزات کی طلبی اور دیگر درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی گفتگوکی اور مطالبہ کیا کہ شناختی کارڈ کے حصول میں عوام کو درپیش مشکلات و پریشانیاں وبلاجواز پیداکردہ رکاوٹیں دورکی جائیں، نادرا کی ایس اوپیز پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ،غیر ضروری دستاویزات طلب کر کے عوام کو واپس کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے ،میگا سینٹر پر رش کم کرنے کے لیے رات کے اوقات میں بھی تمام کاؤنٹرز فعال کیے جائیں، نئے نادرا میگا سینٹر کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔وفد نے قومی شناختی کارڈ بنوانے کے سلسلے میں عوام کے مسائل اور ان کے لیے مختلف تجاویز پر مشتمل یادداشت بھی پیش کیں۔ملاقات میں نائب امیرکراچی راجا عارف سلطان،جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق فرحان، پبلک ایڈکمیٹی نادرا سیل کے انچارج طاہر امیر الحسن بھی شامل تھے ۔ڈی جی نادرا احتشام شاہد نے وفد کا خیر مقدم کیا اورتجاویز و مطالبات پر عملدرآمد کی یقین دہانی کروائی۔یادداشت میں مزید کہاگیا ہے کہ نادرا متاثرین اور مسائل کے شکار شہریوں میں ہر زبان بولنے والے شامل ہیں، والدین میں سے کسی ایک کا کارڈ ہونے کے باوجود شناختی کارڈ کا پروسیس نہیں کیا جاتا ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں