ٹھیکے دینے کیخلاف درخواست پر فریقین سے جواب طلب
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے کنٹونمنٹ حدود میں پارکنگ فیس کی وصولی کے ٹھیکے دینے کیخلاف درخواست پر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی اور جسٹس مبین لاکھو پر مشتمل ڈویژن بینچ کے روبرو درخواست کی سماعت ہوئی۔
درخواست گزار اللہ ڈینو عیسانی نے کہا کہ کنٹونمنٹ رولز کے مطابق نجی کنٹریکٹر کو ٹھیکہ نہیں دیا جاسکتا۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ کا اس سارے معاملے سے کیا تعلق ہے ۔ درخواست گزار نے کہا کہ میں کنٹونمنٹ کے علاقے میں جاتا رہتا ہوں۔ حکم امتناع جاری کرکے ٹھیکہ دینے سے روکا جائے ۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل خلیق احمد نے موقف اختیارکیا کہ حکم امتناع کا جواز نہیں بنتا، کنٹونمنٹ کے رولز دیکھ کر جواب جمع کروائینگے ۔ عدالت نے حکم امتناع جاری کرنے سے انکار کردیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت تک فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 24 مئی تک ملتوی کردی۔