انسداد تجاوزات سیل کے دفتر پرلینڈمافیا کاحملہ،فائرنگ

انسداد تجاوزات سیل کے دفتر پرلینڈمافیا کاحملہ،فائرنگ

کراچی (رپورٹ :محمد علی حفیظ )مسلح ملزمان نے سفاری پارک کے احاطے میں قائم اینٹی انکروچمنٹ سیل کے دفتر پر اندھادھند فائرنگ کردی جس کے سبب ہر طرف خوف و ہراس پھیل گیا حملے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن دیواروں پر گولیاں لگنے سے سوراخ ہوگئے ۔

سفاری پارک کیلئے آنے جانے والے تمام راستوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی گئی ہے ۔ سیکیورٹی اداروں نے حملے اور فائرنگ کی تحقیقات شروع کردی ہے ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ سیل محمد کامران عباس نے علاقائی پولیس اور اعلیٰ حکام کو شکایت میں بتایا کہ 15سے 16 ملزمان دفتر آئے اور فائرنگ کرکے چلے گئے واقعہ کی فوری اطلاع پولیس کی مددگار سیل15پر کی گئی ۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اداروں کے اعلیٰ حکام نے اینٹی انکروچمنٹ سیل کے دفتر پر فائرنگ کا سخت نوٹس لیا ہے اس سلسلے میں تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ تجاوزات مافیا کے کرتا دھرتاؤں کے گھروں پر چھاپے بھی مارے جارہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ با اثر سیاسی عناصر تجاوزات مافیا کے سرپرست بنے ہوئے ہیں یہ ہی وجہ ہے کہ دن دہاڑے تجاوزات مافیا کے مسلح کارندوں نے کھلے عام سرکاری دفتر پر فائرنگ کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گلستان جوہر پر کے ایم سی کی حدود میں قائم تجاوزات سے بڑے پیمانے پر کروڑوں روپے کا کالا دھن جمع کیا جاتا ہے اب آپریشن کی وجہ سے تجاوزات مافیا کی یہ آمدنی ختم ہونے جارہی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں