بلڈرزنے وفاقی بجٹ کو اعدادو شمار کا گورکھ دھندا قرار دیدیا

بلڈرزنے وفاقی بجٹ کو اعدادو شمار کا گورکھ دھندا قرار دیدیا

کراچی (رپورٹ :محمد علی حفیظ )تعمیراتی شعبے سے وابستہ بلڈرز کو وفاقی حکومت نے بجٹ سے قبل نہ کسی مشاورت میں شامل کیا اور نہ ہی ان سے تجاویز طلب کیں۔۔

اس تمام صورتحال کے سبب ملک کو سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے بلڈرز حکومتی رویے سے سخت نالاں دکھائی دیے جب کہ بلڈرز کی اکثریت نے وفاقی بجٹ کو اعداد وشمار کا گورکھ دھندا قرار دیا ۔تفصیلات کے مطابق تعمیراتی شعبے کی نامور شخصیات بدھ کو وفاقی بجٹ کی تقریر دیکھنے کیلئے بلڈرز کی نمائندہ تنظیم ’’آباد‘‘کے مرکزی دفتر میں جمع ہوئے ، اس دوران بلڈرز ملک کے معاشی حالات اور تعمیرات انڈسٹری کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے نظر آئے ۔ آباد کے سرپرست اعلی محسن شیخانی، چیئرمین آصف سم سم اور معروف بلڈر حسن بخشی سمیت بلڈرز کی اکثریت نے بجٹ پر یک زبان ہوکر ایک ہی طرح کا ردعمل دیا ۔محسن شیخانی نے کہا کہ ملک کو آگے لے کر جانے کیلئے ملک کے سب سے اہم شعبے تعمیرات سے وابستہ افراد کو ساتھ بٹھاکر بات کرنا چا ہیے ، بلڈرز کی تجاویر لی جائیں اور اس پر عمل کیا جائے ۔ حکومتی پالیسیوں کے سبب آج عوام کو اپنا گھر بنانے میں مشکلات ہیں، لوگوں کی قوت خرید کو ختم کرکے رکھ دیا گیا ہے ۔ محسن شیخانی کا کہنا ہے کہ ہونا تو یہ چا ہیے تھا کہ وفاقی حکومت بجٹ سے قبل بلڈرز حضرات سے مشاورت کرتی، بات چیت اور مشاورت کا نہ ہونا تمام تر خرابیوں کا باعث ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں