جامعہ کراچی:سینڈیکیٹ اجلاس ، میڈیکل کالج کی منظوری

جامعہ کراچی:سینڈیکیٹ اجلاس ، میڈیکل کالج کی منظوری

کراچی (این این آئی)جامعہ کراچی کی سینڈیکیٹ کا اجلاس گزشتہ روزوائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں وائس چانسلر پروفیسر خالد محمود عراقی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں جامعہ کراچی کے میڈیکل اور ڈینٹل کالج کے قیام کی اصولی منظوری دی گئی۔

ممبران سینڈیکیٹ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اسپتال کے قیام کی اصولی منظوری ملنے کے بعد اس منصوبے پر کام جلد شروع کردیا جائیگا۔اجلاس میں فنانس اینڈپلاننگ کمیشن کے روداد کی منظوری دیتے ہوئے مالی سال 2024-25 کے بجٹ کو ریوائز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں متعدد شعبوں کے صدور کی تعیناتی کی بھی منظوری دی گئی اور کیمپس میں قائم سینٹر زاور انسٹیٹیوٹس کے ملازمین کی یونیورسٹی قبرستان میں تدفین کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ سینڈ یکیٹ اجلا س میں طے پایا کہ سروس پر موجود لیکچرارز کو پی ایچ ڈی کرنے کی صورت میں بجٹڈپوسٹ کی موجودگی پر عارضی بنیاد پر اسسٹنٹ پروفیسر (گریڈ19)دیا جائے گا۔ سینڈ یکیٹ نے جامعہ کراچی کے بورڈ برائے اعلیٰ تعلیم وتحقیق کی سفارش پر مرحوم سید تنویر حیدر کو ایم فل کی سند تفویض کرنے کی منظوری دے دی۔ سینڈیکیٹ نے رجسٹرار کو پچھلی سینڈیکیٹ اجلاس کے فیصلوں اور ریکارڈ کے مطابق غیر تدریسی ملازمین کے عہدوں کی اپگریڈیشن کی رپورٹ اگلے اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کے شروع میں جامعہ کراچی کے مرحوم اساتذہ وملازمین اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی مرحوم کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اجلاس نے گزشتہ سینڈ یکیٹ کی روداد اور وائس چانسلر کی جانب سے کئے گئے اقدامات کی منظوری دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں