شہر میں حکومت نام کی کوئی چیز دکھائی نہیں دیتی،ایم کیوایم

شہر میں حکومت نام کی کوئی چیز دکھائی نہیں دیتی،ایم کیوایم

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکینِ صوبائی اسمبلی نے گولڈ میڈلسٹ طالب علم اتقا کے قاتلوں کے عدالتی احاطے سے فرار ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس شہر میں حکومت نام کی کوئی چیز دکھائی نہیں دیتی، روزانہ درجنوں رہزنی کی وارداتوں میں ملوث ڈکیت یا تو پکڑے نہیں جاتے پکڑے جائیں تو قانون کو گھر کی باندی بنا کر رہا ہو جاتے ہیں، سفاک ملزمان کا عدالتی احاطے سے فرار ہونا مَحکمہ پولیس اور سندھ حکومت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ، صوبائی حکومت شہریوں کو جان مال کے تحفظ پہنچانے کی روادار نظر نہیں آتی، اپنے بیان میں حق پرست اراکینِ سندھ اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ سب اچھا ہے کا راگ الاپنے والے سندھ حکومت کے کرتا دھرتا صوبے میں امن قائم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں، من پسند اور زبان کی بنیاد پر شہر میں پولیس اہلکاروں کو بھرتی کرکے اس شہر کے ساتھ سوتیلی ماں سے بدتر سلوک کیا جارہا ہے جو جرائم کی روک تھام کے بجائے اضافے کا باعث بن رہے ہیں، سوال اٹھائے جانے پر تعصبات پر مبنی کہہ کر معاملہ دبا دیا جاتا ہے ، آخر کب تک اس شہر کے عوام اپنے پیاروں کے لئے انصاف کے منتظر رہیں گے ، بے رحم سندھ حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی بلکہ وزیر اعلیٰ سندھ تو امن و سکون کی بانسری بجانے میں مصروف ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت فی الفور فرار ملزمان کو پکڑنے کے لئے ٹھوس اقدامات کرے اور اُنکے فرار ہونے کی شفاف تحقیقات کروائی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں