محرم الحرام کیلئے جامع فول پروف سیکیورٹی پلان کی ہدایت

محرم الحرام کیلئے جامع فول پروف سیکیورٹی پلان کی ہدایت

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی محرم الحرام کے سلسلے میں اہل تشیع ذاکرین و علماء سے ملاقات،سیکورٹی اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

آئی جی نے کراچی پولیس چیف سمیت شہر میں تعینات دیگر افسران کو جامع فول پروف سیکورٹی پلان تیار کرنے کی ہدایت جاری کی۔ترجمان سندھ پولیس کے مطابق سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ہونے والی ملاقات میں کراچی سے تعلق رکھنے والے اہل تشیع مکتبہ فکر کی مختلف تنظیموں کے نمائندگان پر مشتمل 18 رکنی وفد شامل تھا۔وفد کے اراکین نے محرم الحرام بالخصوص یکم تا دس محرم کے موقع پر پولیس کی جانب سے کیے جانے والے سیکورٹی اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی۔آئی جی سندھ نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ فوری طور پر محرم الحرام کے حوالے سے جامع اور فول پروف کنٹی جینسی/ٹریفک پلان تیارکیاجائے ۔ترجمان سندھ پولیس کے مطابق اہل تشیع منتظمین کی مشاورت سے شیعہ علماء و ذاکرین کو پولیس سیکیورٹی فراہم کی جائے ۔ تمام ڈی آئی جیزتمام مساجد،امام بارگاہوں جلوسوں،مرکزی جلوس،مجالس ودیگر اجتماعات کے تحفظ کو انتہائی ٹھوس اور فول پروف بنائیں۔ غلام نبی میمن نے وفد سے گفتگو میں کہاکہ آپ لوگوں نے ہمیشہ سندھ پولیس پر اپنے اعتماد کا بھرپور طریقے سے اظہار کیا ہے ۔ باہم تعاون اور مربوط روابط کی بدولت اس سال بھی مثالی سیکورٹی پلان ترتیب دیں گے ۔آپ کی دی گئی تمام سفارشات پر غور کرکے ان پر عمل درآمد کو یقینی بنائینگے۔ وفد نے پولیس کیساتھ تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں