نالے صاف نہ ہوسکے:بارشوں میں صورتحال ابتر ہونے کا خدشہ

نالے صاف نہ ہوسکے:بارشوں میں صورتحال ابتر ہونے کا خدشہ

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی) محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں بارشوں کی پیشگوئی کے باوجود شہر میں نالوں کی صفائی نہیں کی جاسکی ہے ۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں تیز بارشوں کی پیش گوئی اور این ڈی ایم اے کی جانب سے اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے لیکن کراچی میونسپل کارپوریشن کی انتظامیہ تاحال حرکت میں نہیں آئی ہے اور شہر میں نالوں کی صفائی اب تک نہیں کی جاسکی ہے ۔شہر میں کل 41 بڑے اور 518 چھوٹے نالوں ہیں جن میں اب تک کچرا بھرا ہوا ہے جب کہ پورا سال کے ایم سی کی نالوں کی صفائی مہم صرف نمائشی حد تک ہی محدود رہی۔بارشوں سے قبل نالوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث شہر میں بارشوں کے دوران صورتحال ابتر ہوسکتی ہے ۔دوسری جانب میئر کراچی مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کے نالوں کی چوکنگ کی بڑی وجہ ماحول دشمن پلاسٹک کی تھیلیاں ہیں۔میئر نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، نالوں کی صفائی کے کاموں کا جائزہ لیا۔میئر کراچی نے ضلع کورنگی کھڈی اسٹاپ 10 ہزار روڈ پر نالے کی صفائی کے کام کا معائنہ کیا، نہال اسپتال ضلع کورنگی کالابورڈ پر نالے کی صفائی کے کام کا بھی جائزہ لیا، ضلع ملیر میں ریلوے کراسنگ کے قریب فلک ناز پوائنٹ پر نالے کی صفائی کا بھی جائزہ لیا۔میئر کراچی نے کہا کہ بارشوں سے قبل شہر کے تمام نالوں کی صفائی کے احکامات جاری کئے ہیں، بارشوں سے قبل تمام برساتی نالوں کی صفائی کا کام مکمل کیا جائے ۔میئر کراچی کو بریفنگ دی گئی کہ نالوں کی چوکنگ کی بڑی وجہ پولیتھین بیگز ہیں، مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہر نالے میں پلاسٹک کی تھیلیاں پھنسی ہوئی ہیں، بعض مقامات پر بڑے پتھر نالوں میں پڑے ہوئے ہیں، شہری پلاسٹک کی تھیلیوں کا استعمال ترک کردیں۔بیرسٹر مرتضی وہاب نے مزید کہا کہ پلاسٹک کی تھیلیاں نہ صرف ماحول دشمن بلکہ نالوں کے چوک ہونے کا بھی باعث ہیں، ہم معاشرے کا اچھا شہری ہونے کا ثبوت دیں۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بغیر پروٹوکول میئر کے ہمراہ کراچی کا دورہ کیا اور نرسری اور بلوچ کالونی کے قریب نالوں کے بند پوائنٹ اور نالوں کی صفائی کے کام کا معائنہ کیا تھا۔مراد علی شاہ نے میئر کراچی کو ہدایت کیکہ مون سون بارشوں سے قبل تمام نالوں کی صفائی اور بند پوائنٹ کھولیں جائیں، تمام تر فنڈز ریلیز کر دیئے گئے ہیں، کام میں کوتاہی نہیں ہونی چاہئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں