نااہل،غلام حکمرانوں سے ملک کبھی ترقی نہیں کرسکتا،حافظ حسین احمد

 نااہل،غلام حکمرانوں سے ملک کبھی ترقی نہیں کرسکتا،حافظ حسین احمد

جیکب آباد(نمائندہ دنیا )جمعیت علماء اسلام کے سینئر رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ خواجہ آصف کا اعترافی بیان کہ ‘‘بجٹ میں آئی ایم ایف کے دباؤ میں آکر عوام پر ٹیکس لگایا گیا ہے ’’سے ثابت ہوگیا کہ ملک کو آئی ایم ایف کے اشاروں پر چلایا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی قیادت آئی ایم ایف کو ملکی خودمختاری کے لیے خطرہ تو قرار دیتی ہے لیکن حکم پھر بھی ان کا مانتی ہے ،حکمران آئی ایم ایف اور امریکا کے غلام ہیں،نااہل اور غلام حکمرانوں سے ملک کبھی ترقی نہیں کرسکتا، موجودہ بجٹ میں ٹیکس کی صورت میں عوام سے روٹی کا نوالہ بھی چھینا گیا ہے ۔ان کاکہناتھاکہ بجٹ میں غریب عوام اور چھوٹے ملازمین کونشانہ بناکر بڑے جاگیرداروں کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر دفاع نے اپنی ہی حکومت کے خلاف دفاعی پوزیشن تو سنبھال لی ہے اب خدا کرے کہ وہ اپنی پوزیشن پر قائم رہیں اور ملک کو آئی ایم ایف کے چنگل سے نکالنے کے لیے اپنے وزیر اعظم کے سامنے احتجاج کریں۔جے یو آئی رہنما نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات کہہ رہے ہیں کہ انتخابات 2029ء میں ہونگے ،عطا تارڑ صاحب انتخابات 2029 سے پہلے ہونگے ، تارڑ صاحب جب کسی نے ‘‘تاڑ’’لیا تو کئی لوگوں کے پلیٹیلٹس کم ہونگے اور وہ علاج کے لیے لندن جائیں گے ۔حافظ حسین احمد نے کہا کہ حکمران بلوچستان اور پختونخوا کے مسائل کو حل کرنے پر توجہ دینے کے بجائے ان کے وسائل پر قبضہ کئے ہوئے ہیں جب تک صوبوں کے وسائل سے صوبوں کے عوام کے مسائل حل نہیں کئے جاتے تب تک مسائل حل نہیں ہوسکتے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں