موٹر سائیکلیں چوری کرکے آن لائن بیچنے والا گینگ گرفتار

موٹر سائیکلیں چوری کرکے آن لائن بیچنے والا گینگ گرفتار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گلبہار پولیس نے موٹر سائیکل چوری کرکے آن لائن فروخت کرنے والا گینگ پکڑ لیا۔ایس ایس پی سینٹرل ذیشان صدیقی نے بتایا کہ گینگ واردات کے لیے تین مرحلوں میں کام کرتا تھا۔

 پہلے مرحلے میں ملزمان کلیئر موٹر سائیکل کے کاغذات حاصل کرتے تھے ، دوسرے مرحلے میں ملزمان چوری کی گئی موٹر سائیکل کے جعلی کاغذات تیار کرتے تھے جبکہ تیسرے مرحلے میں ملزمان انجن چیسز نمبر ٹیمپرڈ کرکے آن لائن ویب سائٹ پر فروخت کرتے تھے ۔انہوں نے بتایا کہ ملزمان کا گروہ کراچی کے مختلف علاقوں میں انتہائی سرگرم تھا، ملزمان نے درجنوں چوری شدہ موٹر سائیکل ٹیمپر کرنے کے بعد فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے ۔ایس ایس سینٹرل کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت بلاول، شاہ رخ اور رضوان ناموں سے ہوئی ہے ۔ ملزمان کے قبضے سے کراچی کے مختلف علاقوں سے چوری کی ہوئی 8 عدد موٹر سائیکلیں اور 5 عدد چیسز برآمد ہوئے ہیں۔ ملزم رضوان نے دوران تفتیش انکشاف کیا وہ موٹر سائیکل کے جعلی کاغذات بناتا تھا اور بعدازاں آن لائن ویب سائٹ پر چوری شدہ موٹر سائیکل فروخت کرتا تھا۔ملزم بلاول نے اعتراف کیا وہ موٹر سائیکل چوری کرنے میں ملوث ہے اور آن ڈیمانڈ موٹر سائیکل چوری کرتا تھا۔ملزم شاہ رخ موٹر سائیکل کے انجن چیسز نمبر ٹیمپر کرنے کا ماہر ہے اور ٹیمپر کرنے کے 3 ہزار روپے لیتا ہے ۔ایس ایس پی سینٹرل ذیشان صدیقی کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف ضابطے کی کارروائی مکمل کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں