پمپنگ اسٹیشنز پربدترین لوڈشیڈنگ،پانی کی سپلائی متاثر

پمپنگ اسٹیشنز پربدترین لوڈشیڈنگ،پانی کی سپلائی متاثر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں بدترین لوڈ شیڈنگ نے پانی سپلائی کا نظام درہم برہم کرکے رکھ دیا۔واٹر کارپوریشن کے پمپنگ اسٹیشنز پر 10 گھنٹوں کی بجلی بندش کی وجہ سے شہر کے بیشتر علاقوں میں پانی کا بحران پیدا ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جاری بدترین لوڈشیڈنگ کی زد میں واٹر کارپوریشن کے 200 سے زائد واٹر پمپنگ اسٹیشنز زد میں آگئے ہیں سب سے زیادہ سخی حسن پمپنگ اسٹیشن بجلی بندش کا شکار ہے جہاں پر دس دس گھنٹوں کیلئے بجلی بند رہتی ہے ۔واٹر کارپوریشن حکام کا کہنا ہے کہ پپمنگ اسٹیشنز پر بجلی نہ ہونے کی وجہ سے نارتھ ناظم آباد، بفرزون، ناظم آباد، ایف بی ایریا اور لیاقت آباد میں پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے ۔ واٹر کارپوریشن کے افسران کا کہنا ہے کہ پمپنگ اسٹیشنز میں جب بجلی نہیں ہوگی تو پانی کیسے رہائشی آبادی میں سپلائی کیا جائے گا پیچھے سے جب پانی آتا ہے تو پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی غائب ہوتی ہے جب پپمنگ اسٹیشنز پر بجلی آئے تو پھر رہائشی آبادی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری ہوتی ہے ۔واٹر کارپوریشن کے افسران نے مزید بتایا کہ وہ کے الیکٹرک حکام کو مسلسل شکایات کررہے ہیں کہ پمپنگ اسٹیشنز پر لوڈشیڈنگ ہورہی ہے اس کا نوٹس لیا جائے اور یہاں پر بلاتعطل بجلی کی فراہمی کی جائے لیکن کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی فراہمی کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں کیے جارہے دوسری جانب کے الیکٹرک حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں کسی جگہ کوئی لوڈ شیڈنگ نہیں ہورہی بل کی عدم ادائیگی اور فالٹس کی وجہ سے بجلی معطل ہوتی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں