پولیس مقابلے کے دوران خاتون کی ہلاکت کیخلاف دھرنا ختم

پولیس مقابلے کے دوران خاتون کی ہلاکت کیخلاف دھرنا ختم

کراچی(اسٹاف رپورٹر) اسٹیل ٹاؤن میں پولیس کی مبینہ فائرنگ سے خاتون کی ہلاکت پر اہل خانہ کی جانب سے نیشنل ہائی وے پر22گھنٹوں سے جاری دھرنا ختم ہوگیا۔

لواحقین نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔سموں برادری اور اہل علاقہ نے کل دوپہر سے سسی ٹول پلازہ پر دھرنا دے رکھا تھا، جسے ختم کروانے کے سلسلے میں لواحقین سے مذاکرات کے لیے ڈی آئی جی کراچی ایسٹ اظفر مہیسر پہنچے تھے ۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں مقتولہ کے بھائی یعقوب سموں نے میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ معاملہ اللہ پر چھوڑتے ہیں، ہمیں انصاف نہیں ملا، پولیس بہن کی قاتل ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم احتجاج ختم کر رہے ہیں۔ واقعے کے بعد سے ہماری بات نہیں سنی گئی، قاتلوں کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔لواحقین سے مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے کہا ہے کہ پولیس فائرنگ سے خاتون کی ہلاکت کی جوڈیشل انکوائری کے لیے تیار ہیں۔ یہ حادثاتی واقعہ ہے ، ان کی گاڑی کراس فائرنگ کی زد میں آئی۔انہوں نے کہا کہ ہم عدالتی احکامات کی مخالفت نہیں کر سکتے ۔ پولیس نے جو مقدمہ درج کیا، وہ ان کے خلاف نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس واقعے کی جوڈیشل انکوائری کے لیے تیار ہیں، اگر پولیس نے غلطی کی ہے تو پولیس والے اندر جائیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں