نبی کریمؐ کا اسوہ حسنہ انسانیت کیلئے رول ماڈل:حسن محی الدین

 نبی کریمؐ کا اسوہ حسنہ انسانیت کیلئے رول ماڈل:حسن محی الدین

لاہور(سیاسی نمائندہ)چیئرمین سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج القرآن کے سکالرز اور لاہور تنظیم کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے کہا ہے کہ حضور نبی اکرمؐ کی حیات طیبہ ساری انسانیت کیلئے تاقیامت رول ماڈل ہے۔

آپ ؐ کی حیات مبارکہ پوری انسانی تہذیب و تمدن کی اصلاح و تعمیر کا جامع عنوان ہے جو قرآن حکیم کے ابدی اصولوں کی تفسیر ہے جسے نبی کریم ؐ نے عمل کی زبان میں پیش کیا ہے۔ آپ ؐ نے زندگی کے ہر شعبے، ہر گوشے اور ہر پہلو کے بارے میں مکمل رہنمائی عطا فرمائی ہے۔ ہر انسان کو ہدایت و رہنمائی حضور اکرمؐ کی سیرت پاک میں ملتی ہے۔ 41 ویں عالمی میلاد کانفرنس کو تاریخ ساز بنانے کیلئے بہترین خدمات انجام دینے پر صدر تحریک منہاج القرآن پروفیسر ذوالفقار، ناظم لاہور امجد چودھری، سینئر نائب صدر ڈاکٹر سلطان محمود چودھری سمیت لاہور کی جملہ تنظیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا اللہ رب العزت نے ڈاکٹر طاہرالقادری اور تحریک منہاج القرآن کو یہ توفیق بخشی کہ انہوں نے سیرت طیبہ کے فروغ کیلئے میلاد کلچر کو عام کیا اورخدمت دین کے نتیجے میں آج گھر گھر میلاد کی محافل ہو رہی ہیں۔ بلاشبہ جو دل عشق مصطفی ؐسے خالی ہیں تو وہ دل مردہ اور بے کار ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں