شارع فیصل پر واقع عمارتوں کی بیرونی تزئین و آرائش کا فیصلہ

شارع  فیصل  پر  واقع  عمارتوں  کی  بیرونی  تزئین  و  آرائش  کا  فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت سندھ کے احکامات کی روشنی میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے ایف ٹی سی بلڈنگ تا ایئرپورٹ شارع فیصل پر واقع عمارتوں کی بیرونی تزئین و آرائش کا فیصلہ، اس سلسلے میں آرکیٹیکٹس کے خدمات بھی حاصل کے جائیں گی ۔

 ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے کے زیر صدارت شاہراہ فیصل کے بیوٹی فکیشن کے حوالے سے ایک اہم ( فالو اپ) اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں چیئرمین آباد آصف سم سم کے سربراہی میں آباد کے وفد ، ضلع انتظامیہ کے جانب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر 2 (ایسٹ) سمیت سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران نے شرکت کی ۔تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں ایس بی سی اے نے کراچی شہر کے اہم ترین شاہراہ( شارع فیصل) پر واقع بلڈنگز کی بیوٹی فکیشن کے کام کی حکمت عملی مرتب کر لی ہے جلد کام کا آغاز کردیا جائے گا، اس سلسلے میں ایس بی سی اے اور ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد)باہم امور انجام دیں گے جبکہ ضلعی انتظامیہ ڈسٹرکٹ ایسٹ تعاون فراہم کرے گی۔ بیرونی تزئین وآرائش کا کام ائیرپورٹ تا ایف ٹی سی بلڈنگ کے درمیان تمام رہائشی و کمرشل بلڈنگز پر کیا جائے گا جس میں شادی ہال، پٹرول پمپس، رہائشی و کمرشل بلڈنگ شامل ہیں۔بیوٹی فکیشن کے کام میں بیرون عمارت رنگ و روغن، لائیٹنگ ، صفائی ستھرائی ، شاہراہِ کے درمیان گرین بیلٹ کی تزئین سمیت روڈ کے دونوں اطراف درخت و پودے بھی لگائے جائیں گے ۔اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل عبدالرشید سولنگی نے شارع فیصل کا تفصیلی دورہ کیا اس دوران آباد کے وفد سمیت تمام متعلقہ اداروں کے افسران ان کے ہمراہ تھے ۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نے کئی بیرونی زبوں حالی کا شکار عمارتوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کو نوٹس جاری کر نے کے ہدایت بھی دی ۔ ڈائریکٹر جنرل کا کہنا تھا کہ شارع فیصل ملکی امیج میں خصوصی اہمیت کی حامل ہے ۔صاف ستھری خوبصورت تعمیرات مہذب قوم کے بارے میں سفارتی ، تجارتی و سیاحتی مہمانوں پر اولین تاثر قائم کرتی ہیں۔ خوشنما بلڈنگز ترقی و خوشحالی کے لئے مثبت و معاون ہوتی ہیں۔خوشنما و بدنما تعمیرات ملک کا پہلا امیج ہوتی ہیں جو شہریوں کے مزاج ، تہذیب و تمدن کی عکاسی کرتی ہیں۔اس سلسلے میں ملک و شہر کی ترقی و خوشحالی کے لئے ایک اور مثبت و سنجیدہ اقدام پر ڈائریکٹر جنرل اور شرکاء اجلاس نے حکومت سندھ کو زبردست خراج تحسین پیش کیااوریقین دلایا کہ ایس بی سی اے کا ادارہ حکومت سندھ کے وژن پر قدم با قدم چلے گا اور اس سلسلے میں اپنی کارکردگی اور تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں