میرپورخاص:تعلیمی بورڈ کے ملازمین 4 ماہ سے تنخواہ سے محروم

میرپورخاص:تعلیمی بورڈ کے ملازمین 4 ماہ سے تنخواہ سے محروم

میرپور خاص (بیورو رپورٹ) یونیورسٹیز اینڈ بورڈ ڈپارٹمنٹ حکومت سندھ کی جانب سے تعلیمی بورڈ میرپورخاص کے واجبات ادا نہ کرنے کی وجہ سے ملازمین 4 ماہ کی تنخواہوں سے محروم، یونیورسٹیز اینڈ بورڈ ڈپارٹمنٹ نے تعلیمی بورڈ کو 80 کروڑ روپے ادا کرنے ہیں۔۔

تنخواہوں کی ادائیگی نہ ہونے سے ملازمین کے گھروں میں فاقہ کشی کی نوبت آگئی۔ 2016 سے حکومت سندھ نے سندھ بھر کے تعلیمی بورڈز کو طلبہ سے فیسیں لینے سے روک دیا تھا اور ان فیسوں کی ادائیگی کا ذمہ اپنے سر لیا تھا لیکن سال 2016-17 سے تعلیمی بورڈ میرپورخاص کو اب تک حکومت سندھ کی جانب سے اُن فیسوں کی مکمل ادائیگی نہیں کی جاسکی ہے اور اس وقت صورتحال یہ ہے کہ صرف تعلیمی بورڈ میرپورخاص کو یونیورسٹیز اینڈ بورڈ ڈپارٹمنٹ نے 80 کروڑ روپے کی ادائیگی کرنی ہے ، ادائیگی نہ ہونے سے ملازمین چار ماہ کی تنخواہوں سے محروم ہیں۔ ذرائع کے مطابق یونیورسٹیز اینڈ بورڈ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے آخری بار مارچ ،اپریل میں 6 کروڑ روپے واجبات کی قسط جاری کی گئی تھی۔ تنخواہ نہ ملنے کے باعث کئی چھوٹے ملازمین کے گھروں میں فاقہ کشی کی نوبت آ گئی ہے ۔ اس حوالے سے تعلیمی بورڈ کے ملازمین کئی بار احتجاج بھی کرچکے ہیں۔ موجودہ صورتحال میں تعلیمی بورڈ کی جانب سے میٹرک اور انٹر کے نتائج بھی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ، جبکہ پیسے نہ ہونے کے باعث سرٹیفکیٹ کا کاغذ بھی ختم ہوچکا ہے ۔ ملازمین نے جلد واجبات کی ادائیگی ممکن بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں