اراضی تنازع، بورڈ آف ریونیو کے افسران کے وارنٹ گرفتاری جاری

اراضی تنازع، بورڈ آف ریونیو کے افسران کے وارنٹ گرفتاری جاری

کراچی (این این آئی) عدالت نے ملیر میں 22 ایکڑ زمین کے تنازع کیس میں پیش نہ ہونے پر 2 سرکاری افسران کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں ملیر میں 22 ایکڑ زمین کے تنازعے کے کیس میں حکم کے باوجود پیش نہ ہونے پر عدالت سرکاری افسران پر برہم ہو گئی، سندھ ہائیکورٹ نے سیکریٹری/ممبر بورڈ آف ریونیو اور سیکشن آفیسر بورڈ آف ریونیو عزیز احمد چانڈیو کے وارنٹ جاری کر دیے ۔دونوں افسران کے 50 ہزار روپے مالیت کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کیے گئے ہیں، عدالت نے متعلقہ ایس ایچ او کو وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد کی ہدایت کر دی۔عدالت نے سیکریٹری بورڈ آف ریونیو کو سندھ حکومت کی جانب سے جواب جمع کرانے کا حکم دیا تھا، عدالتی احکامات کے باوجود سیکریٹری بورڈ آف ریونیو کی جانب سے جواب جمع نہیں کرایا گیا۔واضح رہے کہ ایک شہری نے ضلع ملیر میں 22 ایکڑ اراضی کی ملکیت سے متعلق دیوانی مقدمہ دائر کر رکھا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں