ڈملوٹی کے کنوؤں سے جلدپانی فراہم کریں گے ، میئر

ڈملوٹی کے کنوؤں سے جلدپانی فراہم کریں گے ، میئر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد نے ملیر کی مختلف یونین کونسلوں کا دورہ کیا اور بارشوں کے انتظامات اور دیگر ترقیاتی امور کا جائزہ لیا ۔

میئر اور ڈپٹی میئر نے یو سی گھگھر،یوسی پپری کے دورے کے بعد یو سی گلشن حدید میں شہید بے نظیر بھٹو پارک کے تعمیراتی کام کا سنگ بنیاد رکھا جس کے بعد میئر کراچی مرتضی وہاب اور سلمان عبداللہ مراد نے ملیر پریس کلب کا دورہ کیا۔اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضی وہاب نے کہا کہ بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے ، جلد ہی ڈملوٹی کے کنوؤں سے کراچی کے شہریوں کو پانی کی سہولت فراہم کر دی جائے گی۔ ملیر میں سرکاری سطح کے بڑے اسپتال کی ضرورت ہے ، ملیر میں بہت جلد این آئی سی وی ڈی کا ایمرجنسی یونٹ قائم کیا جائے گا جب کہ پاکستان اسٹیل مل کے 100 بستروں پر مشتمل اسپتال میں ایم ایل او تعینات کیا جائے گا جس سے ضلع ملیر کے عوام کو فائدہ ہوگا، ملیر میں زیر تعمیر اسپتالوں کو جلد مکمل کر کے ان کو عوام کو صحت کی سہولت کے لیے کھول دیا جائے گا، حالیہ بارشوں میں حکومت سندھ کے ساتھ کے ایم سی کے انتظامات مثالی ہیں جس پر کچھ عوام دشمن عناصر تنقید کر رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں