کچے اور پکے کے ڈاکو ملکر لوٹ رہے ہیں ،حسین محنتی

 کچے اور پکے کے ڈاکو ملکر لوٹ رہے ہیں ،حسین محنتی

کراچی(اسٹاف رپوٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے بجلی صارفین سے فی یونٹ08روپے ٹیکس وصول کرنے کے انکشاف کو عوام کے ساتھ سراسر ظلم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ۔۔۔

 لٹیرے حکمرانوں نے عوام کو لوٹنے کے نت نئے طریقے دریافت کرلئے ہیں، کچے اور پکے کے ڈاکو ملکر عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں جن سے نجات حاصل کرنا اب ناگزیر ہوچکاہے ، 26جولائی کو اسلام آباد ڈی چوک میں حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں مہنگائی،بجلی کے بھاری بلوں اور ظالمانہ ٹیکسز کیخلاف دھرنا عوام کے دلوں کی آواز بن چکا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی نظم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی امیر نے مزید کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے ’’تبدیلی‘‘ اور پی ڈی ایم جیسے تجربے ناکام ہوچکے ہیں اب نئے گھوڑے تیارکرنے کے بجائے عوام کو اپنی مرضی کی قیادت منتخب کرنے کا موقع دیا جائے ، فارم 45کی بھی غیرجانبدانہ جانچ پڑتال کی جائے تو نتائج مخصوص سیٹوں کے فیصلے جیسے ہی آئیں گے ، گڈ گورننس ،دیانتدار اور مخلص قیادت کو اقتدار میں لانے کیلئے اسٹیبلشمنٹ کی سیاست میں مداخلت کا دروازہ ہمیشہ کیلئے بند کرنا ہوگا، سیاستدانوں کو بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقتدر قوتوں کی طرف دیکھنے کی بجائے عوامی طاقت پر بھروسہ کرنا چاہئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں