واقعہ کربلا زندگی گزارنے کا سلیقہ سکھاتا ہے ،شیخ الجامعہ

واقعہ کربلا زندگی گزارنے کا سلیقہ سکھاتا ہے ،شیخ الجامعہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)علامہ ناظر عباس تقوی نے کہا ہے کہ حضرت امام حسین ؓ کی ذات ایک آفاقی ذات اور آفاقی شخصیت ہے ۔

آج پوری دنیا میں جہاں کہیں بھی مظلوم ظالموں سے برسرپیکارہے اُن کا مرکز ومنبع سید الشہداء حضرات امام حسین ؓ کی ذات ہے ۔ان خیالات کا اظہا رانہوں نے جامعہ کراچی کے دفتر مشیر امور طلبہ کے زیر اہتمام پارکنگ گراؤنڈ (بالمقابل آرٹس لابی) جامعہ کراچی میں منعقدہ سالانہ یوم حسینؓ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ آج بحیثیت مسلمان ہماری ذمہ داری ہے کہ ہر ظلم کا انکارکریں اور یہی کربلا کا پیغام ہے ۔آج پوری دنیا میں جتنی بھی تحریکیں ظلم کے خلاف کھڑی ہیں اور حق کی آوازبلند کررہے ہیں ان سب کا مرکز ومنبع سید الشہداء حضرت امام حسین ؓ اور کربلاہے ۔جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ کربلا صرف ایک واقعہ نہیں بلکہ ایک پیغام ہے جو زندگی گزارنے کا سلیقہ سکھاتا ہے ۔کربلاکے شہدا نے صرف اپنی جانوں کا نذرانہ پیش نہیں کیا بلکہ رہتی دنیا کو ایک پیغام دیا۔ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ واقعہ کربلا کی روح یہ ہے کہ ظالم صرف وہ نہیں جو ظلم کر رہا ہے بلکہ ظالم وہ بھی ہے جو ظلم پر خاموش ہے ۔ رئیس کلیہ معارف اسلامیہ پروفیسرڈاکٹر زاہد علی زاہدی نے کہا کہ کربلا ظلم کے خلاف مزاحمت،مقابلے کا درس دیتی ہے ۔ آخر میں مشیر امورطلبہ جامعہ کراچی ڈاکٹر نوشین رضانے کلمات تشکراداکئے جبکہ فلسطین فاؤنڈیشن کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر صابرابومریم اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں