تجاوزات کے خلاف آپریشن ،قبضہ مافیا کا اسسٹنٹ کمشنر ابراہیم حیدری کی گاڑی پر حملہ

تجاوزات کے خلاف آپریشن ،قبضہ مافیا کا اسسٹنٹ کمشنر ابراہیم حیدری کی گاڑی پر حملہ

کراچی (رپورٹ :آغا طارق)قائدآباد میں تجاوزات کے خلاف محکمہ ریونیو ملیر کی جانب سے اینٹی انکروچمنٹ اور علاقہ پولیس کے ہمراہ بھرپور کارروائی میں درجنوں ٹھیلے اور پتھارے ضبط کر لیے گئے ۔

 آپریشن کے دوران انتظامیہ کو سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑگیا۔ اسسٹنٹ کمشنر ابراہیم حیدری کی گاڑی پر لاٹھیوں اور پتھروں سے حملہ کیا گیا ۔ پولیس نے 5 افراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ملیر عرفان سلام میروانی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ابراہیم حیدری ڈاکٹر سائرہ خان کی سربراہی میں علاقہ پولیس اور اینٹی انکروچمنٹ پولیس کی بھاری نفری نے قائد آبادکے علاقے اسپتال چورنگی کے قریب تجاوزات ختم کرنے کے لیے آپریشن شروع کیا سڑک کنارے ٹھیلے اور پتھارے ٹھیلے اور پتھارے تحویل میں لینا شروع کیا تو لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے لیس افراد نے انتظامیہ کے اوپر حملہ کر دیا اور اسسٹنٹ کمشنر ابراہیم حیدری سائرہ خان کی گاڑی پر لاٹھیاں برسائیں اور پتھراؤ کیا۔جس کے باعث گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے ۔ اسسٹنٹ کمشنر محفوظ رہیں۔ اس موقع پر پولیس نے پانچ افراد اصغر شاہ ابوبکر، مزمل علی ،سبحان اور احسان اللہ کو گرفتار کر لیا ہے ۔جن کے خلاف قائد آباد تھانے پر مقدمہ الزام 457 /24 درج کر لیا گیا ہے ۔ ڈاکٹر سائرہ خان نے بتایا کہ ملزم اویس کرنی عرف عمر نے مغلظات کے ساتھ مجھے دھمکیاں دیں ۔ جبکہ ایس ایچ او قائد اباد غلام حسین پیرزادہ نے بتایا کہ ملزم اویس کرنی عرف عمر کی تلاش جاری ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں