ٹیکس نظام ون لنک سے منسلک : گھر بیٹھے ادائیگی کی جا سکے گی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن ، حکومت سندھ نے انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے ٹیکس نظام کو ون لنک سے جوڑ دیا ہے ، جس کے تحت عوام اب گھر بیٹھے ٹیکس ادا کر سکیں گے ۔
صوبائی وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن شرجیل انعام میمن نے کہا کہ نئی ڈیجیٹل سروس عوام کا وقت بچانے ، پریشانی کم کرنے اور عوام کی انگلیوں تک سہولت لانے کے لیے بنائی گئی ہے ، نئے آن لائن نظام سے شفافیت کو فروغ ملے گا، عوام اب گھر بیٹھے گاڑیوں کے ٹیکسز ادا کر سکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کسی بھی وقت ٹیکس کی ادائیگی منٹوں میں محفوظ اور قابل اعتماد طریقے سے کر سکیں گے ، محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن عوام کو بہترین کارکردگی اور سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے ، انہوں نے کہا کہ بڑے بڑے شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں پر چوکیاں قائم کی جائیں گی، جہاں گاڑیوں کی ٹیکسیشن کے حوالے سے چیکنگ کی جائے گی اور ٹیکس نادہندگان گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں کی جائیں گی۔ پہلے مرحلے میں کراچی ٹول پلازہ پر ایک کیوسک قائم کیا جائے گا، جہاں گاڑیوں کا ٹیکس ریکارڈ چیک کیا جائے گا اور ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کو اس وقت تک روک دیا جائے گا، جب تک گاڑی مالکان ٹیکس ادا نہیں کریں گے ۔ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کا اہم اجلاس کراچی میں ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری ایکسائز و ٹیکسیشن سلیم احمد راجپوت، ڈی جی ایکسائز اورنگزیب اکبر پنہور اور دیگر ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر نے شو رومز پر گاڑیوں کی رجسٹریشن آسان بنانے کی ہدایات جاری کیں جبکہ پریمئم نمبر پلیٹس کے اجراء کا دوسرا مرحلہ بھی جلد شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں 50 نمبرز کی سیلاب زدگان کے لئے فنڈ ریزنگ ایونٹ کے تحت جاری کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پریمئم نمبرز کے اجراء کے لئے آن لائن فنڈ ریزنگ ایونٹ بھی منعقد کیا جائے گا جہاں عطیہ دہندگان کے حصول کے لیے تقریباً200 نمبر دستیاب ہوں گے ، اس سے حاصل ہونے والی رقم سیلاب زدگان کے لئے گھر بنانے کے لئے عطیہ کی جائے گی۔ 29جون 2024کو منعقد ہونے والے پہلے فنڈ ریزنگ ایونٹ میں پہلے سے ہی پریمیم نمبر پلیٹس حاصل کرنے والوں کو علیحدہ سمارٹ کارڈ جاری کیے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ سمارٹ کارڈ سے پریمئم نمبر پلیٹس کی جعلسازی کی حوصلہ شکنی ہوگی، پریمئم نمبر پلیٹس مالکان کو گاڑی تبدیل کرنے کی صورت میں نیا اسمارٹ کارڈ جاری کر دیا جائے گا۔