نوجوان نکوٹین کے بڑھتے ہوئے استعمال کو روکیں،مقررین

نوجوان نکوٹین کے بڑھتے ہوئے استعمال کو روکیں،مقررین

کراچی(سٹی ڈیسک)انڈس اسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے ‘‘میرِ کارواں تم ہو’’کے تحت ایک تاریخی قومی نوجوان کانفرنس کا انعقاد کیا۔۔۔

 جس کا مقصد بڑھتے ہوئے نکوٹین اور جدید تمباکو مصنوعات، جیسے ای سگریٹ، ویپ اور نکوٹین پیچ کے استعمال کے خلاف شعور پیدا کرنا تھا۔ اس سال کی کانفرنس کا موضوع ‘‘کھلی حقیقت :نکوٹین کا اصل نقصان ’’تھا، جس میں نوجوان رہنماؤں، پالیسی سازوں اور کمیونٹی کے وکلاء نے شرکت کی۔ کانفرنس میں ماہرین کے مابین پینل مباحثوں اور نوجوانوں کے ساتھ معنی خیز سیشنز ہوئے جن میں عوامی صحت کی وکالت، نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور سماجی ذمہ داری جیسے اہم موضوعات پر روشنی ڈالی گئی۔تقریب کا آغاز ‘‘تمباکو سے پاک بچوں’’کی مہم کے مشیر انیس احمد کے کلیدی خطاب سے ہوا، جنہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ نکوٹین کے بڑھتے استعمال کو روکنے کیلئے وہ اپنا کردار ادا کریں۔ دوران کانفرنس ‘‘سوشل میڈیا اور نئی نکوٹین مصنوعات کی آمد’’ کے عنوان سے ایک پینل میں ماہرین نے آن لائن پلیٹ فارمز کی جانب سے نقصان دہ مصنوعات کی خوبصورت تشہیر اور نوجوانوں کی رائے پر ان کے اثرات پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے گمراہ کن مواد کو روکنے کیلئے سخت ضوابط کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔کانفرنس میں ٹیم محافظ کے روح رواں عمران اظہر کی جانب سے ‘‘زہر’’کے موضوع پر خاکہ پیش کیا گیا، جس میں نوجوان ہیرو اپنے علاقے کو نشے کے خطرات سے بچانے کیلئے ایک مقامی مافیا کے خلاف لڑتے ہیں۔ ڈاکٹر صائمہ سعید نے بتایا کہ تمباکو نوشی پر قابو پانے کے اقدامات کو بہتر بنانے کیلئے بامعنی تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں