سیاسی فنکاروں نے 77 سال سے ڈرامہ رچایا ہوا ہے ،گورنر

سیاسی فنکاروں نے 77 سال سے ڈرامہ رچایا ہوا ہے ،گورنر

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ ہم معاشی اور معاشرتی طور پر مسائل کا شکار ہیں اور اس کی وجہ عمل سے دور ہونا اور صرف باتیں بناناہے ۔بیشتر سیاست دان، سیاسی فنکار بنے ہوئے ہیں۔

ان سیاسی فنکاروں نے 77 سال سے ڈرامہ رچایا ہوا ہے ۔یہ کبھی اسٹیج بدل لیتے ہی اور کبھی سیاسی پارٹی ، کبھی چہرے بدل لیتے ہیں اور کبھی بیانیہ لیکن ملک کی حالت بدلنے کو کوئی تیار نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب چامڑیہ برادران کی جانب سے ڈی ایچ اے کراچی میں منعقدہ ایک محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر سندھ اور دیگر مہمانوں کی آمدپر امجد چامڑیہ،افضل چامڑیہ اور سلمان چامڑیہ نے ان کا خیر مقدم کیا۔ سالانہ محفل میلاد سے سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے بانی اور چیئرمین مولانا بشیر فاروق قادری اور مولانا حاجی عبدالحبیب عطاری نے بھی خطاب کیا ۔محفل میں سی ای او سیلانی مدنی بشیر فاروق، سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل ،مرزا اختیار بیگ،سماجی شخصیت محمود احمد خان اور دیگر نے شرکت کی ۔گورنر نے مزید کہا کہ ملک آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ دیا گیا ، پی آئی اے کی نجکاری کے عمل پر ایسے خوشی کا اظہار کیا جارہا ہے کہ جیسے شادی میں رخصتی کی تقریب ہورہی ہے ۔علاوہ ازیں گورنر سندھ سے سعودی عرب کے قائم مقام قونصل جنرل عبدالرحمان سعد جمعہ نے ملاقات کی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں