ڈاؤ اسپتال میں کارڈیک سی ٹی اسکین مشین نصب

ڈاؤ اسپتال میں کارڈیک سی ٹی اسکین مشین نصب

کراچی (آن لائن)ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی نے کہا ہے کہ ڈاؤ اسپتال میں امراض قلب کی تشخیص میں مددگار کارڈیک سی ٹی اسکین مشین نصب کر دی گئی ہے جلد ہی مریضوں کے لیے اس سہولت کا آغاز کر دیا جائے گا ۔۔۔

پہلے بچوں اور بڑوں کا ایکو علیحدہ علیحدہ جگہوں پر کیا جا رہا تھا اب مریضوں کی آسانی کے لیے او پی ڈی میں بچوں اور بڑوں کے ایکو کی مشینوں کو ایک چھت تلے کر کے اس کا افتتاح کر دیا گیا ہے ملک بھر میں امراض قلب کی شرح تیزی سے بڑھ رہی ہے ایسے اقدامات کی ضرورت ہے جن سے اس کی شرح میں کمی لائی جائے ۔یہ باتیں انہوں نے اوجھا کیمپس او پی ڈی بلاک میں ڈاؤ یونیورسٹی ڈاؤ انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے زیر اہتمام عالمی یوم قلب کے حوالے سے منعقدہ آگاہی واک کے بعد سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب اور ایکو کی سہولت کی تختی کی نقاب کشائی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر ڈاؤ انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر طارق فرمان اور ڈاؤ انٹرنیشنل میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر افتخار احمد بھی موجود تھے قبل ازیں او ٹی کمپلیکس سے او پی ڈی بلاک تک پرووائس چانسلر پروفیسر جہاں آرا حسن کی قیادت میں آگہی واک منعقد کی گئی ۔سیمینار سے خطاب میں پروفیسر محمد سعید قریشی نے کہا کہ پاکستان میں امراض قلب (سی وی ڈی) کی شرح کے خطرناک اضافے کا چیلنج درپیش ہے دل کی بیماری دنیا بھر میں موت کی سب سے بڑی وجہ بنی ہوئی ہے ۔پروفیسر جہاں آرا حسن نے کہا کہ رسک فیکٹرز کو کم کیے بغیر دل کے امراض کی بڑھتی شرح کو کم نہیں کیا جاسکتا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں