گلستان جوہر:کھڑی کار میں دم گھٹنے سے کمسن بچہ جاں بحق

گلستان جوہر:کھڑی کار میں دم گھٹنے سے کمسن بچہ جاں بحق

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گلستان جوہر میں دو کمسن بھائی کھیلتے ہوئے گھر کے باہر کھڑی گاڑی میں جا بیٹھے ۔۔۔

 گاڑی کے دروازے لاک ہو جانے سے ایک کمسن بھائی دم گھٹنے سے جاں بحق جبکہ دوسرے بھائی کو تشویشناک حالت میں قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر بلاک 19 میں واقع نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں جاں بحق ہوئے بچے کی شناخت 4 سالہ رؤف اور تشویشناک حالت میں نکالے جانے والے بچے کی شناخت 3 سالہ حسان کے نام سے کی گئی۔شارع فیصل پولیس کے مطابق دونوں بچے آپس میں سگے بھائی ہیں، واقعے کے وقت بچوں کا والد گھر پر موجود نہیں تھا جبکہ والدہ گھر کے اندر موجود تھیں۔پولیس حکام کے مطابق انہوں نے بتایا کہ کمسن بچے مالک مکان کے ہیں جبکہ گاڑی کرایہ دار کی ہے جو کئی ماہ سے خراب حالت میں گھر کے باہر کھڑی ہے ۔پولیس نے گاڑی کے مالک کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا اور واقعے کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے ۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بلدیہ اتحاد ٹاؤن خبیر چوک کے قریب گیراج میں کھڑی گاڑی سے ایک کمسن بچے کی لاش جبکہ دوسرا کمسن بچہ بیہوشی کی حالت میں ملا تھا۔پولیس کے مطابق بچے کھیلتے ہوئے گاڑی میں چلے گئے تھے لیکن ان سے گاڑی کے دروازے اورڈگی نہیں کھلی جس کی وجہ سے بظاہر معلوم ہوتا ہے کہ ایک بچہ دم گھٹنے سے جاں بحق اورایک بے ہوش ہوگیا تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں