نشے کے عادی بیٹے نے پیسے نہ دینے پر ماں کو قتل کردیا

 نشے کے عادی بیٹے نے پیسے نہ دینے پر ماں کو قتل کردیا

گھوٹکی،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا) گھوٹکی میں ڈہرکی تھانے کی حدود سمندر بھیو میں سنگدل بیٹے نے نشے کیلئے پیسے نہ دینے پر بوڑھی ماں کو پستول کا فائر کرکے قتل کردیا۔ شفن بھیو واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگیا ۔

مقتولہ کی لاش سول اسپتال میرپور ماتھیلو منتقل کردی گئی اور پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ دولت پور کے علاقے پبجو تھانے کی حدود میں واقع دستگیر کاٹن فیکٹری کے نزدیک گاؤں صابو چانڈیو میں مبینہ طور پر شوہر سے تلخ کلامی کے بعد بیوی نے خود کو بندوق کا فائر مار کر خودکشی کر لی ۔ 45 سالہ زرینہ زوجہ صابو چانڈیو نے گھر میں رکھی بندوق سے خود کو نشانہ بنایا۔واقعے کی اطلاع ملنے پر مقامی پولیس نے لاش تحویل میں لے کر رورل ہیلتھ سینٹر شاہپور جہانیاں منتقل کر دی۔ دوسری جانب مقتولہ کے بھائیوں محمد علی چانڈیو اور أمید علی چانڈیو نے صحافیوں کو بتایا کہ ہماری بہن کو بیدردی سے قتل کیا گیا ہے ، ہماری بہن کو اس کے شوہر صابر چانڈیو اور دیور قابل چانڈیو نے گولی مار کر قتل کیا ہے۔ تھرپارکر سے نمائندے کے مطابق اسلام کوٹ کے قریب تھر کول موڑ پر کار اور پک اپ میں تصادم کے نتیجے میں بیوی،شوہر اور بیٹا جاں بحق اور 15 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ، جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخموں کو اسلام کوٹ اسپتال منتقل کیا گیا ۔اسلام کوٹ کے نواحی گاؤں لونیو سمان کے رہائشی کارسوار افراد گاؤں سے عمر کوٹ جا رہے تھے ۔جاں بحق افراد کی شناخت محکمہ صحت کے ملازم گلاب میگھواڑ، اہلیہ شانتی کے ناموں سے ہوئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں