ایکسائز نارکوٹکس کی کارروائی،5 منشیات فروش گرفتار

ایکسائز نارکوٹکس کی کارروائی،5 منشیات فروش گرفتار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)محکمہ ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول کی ٹیم نے کراچی میں دو الگ الگ کارروائیوں میں 4 منشیات فروشوں کے ایک گروہ سمیت 5 منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا ہے ۔

ملیر میں ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول کی ٹیم نے ایکسائز انسپکٹرمحمد زبیر لاکھوکی سربراہی میں تھانہ ملیر سٹی کے حدود غریب آباد میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ منشیات فروش گروہ گرفتار کرلیا ۔ کارروائی میں ایکسائز ٹیم کی پانچ موبائل گاڑیوں نے حصہ لیا۔کارروائی میں 2 خواتین سمیت 4 بدنام زمانہ منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا گیا۔گرفتار منشیات فروش ملزمان میں منیرہ عرف فضا، عزیزہ عرف چلی، امجد، گل شیر عرف گڈو شامل ہیں۔ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے وقت ملزمان ہیروئن کی پیکنگ میں مصروف تھے ۔ ملزمان کے قبضہ سے چھوٹی تھیلیوں کی صورت میں 506گرام ہیروئن برآمد کرلی گئی۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے اپنے گروہ کے دیگر ساتھیوں کے متعلق انکشافات کئے ہیں۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ۔ ایکسائز نارکوٹکس کنڑول کی ٹیم نے ماڑی پور میں دعا ہوٹل کے قریب ایک اور کارروائی میں منشیات فروش ملزم غلام عباس ولد قربان علی کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم سے 510 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔ ملزم غلام عباس کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں