نشتر 2 میں عملے کی شدید قلت ،علاج متاثر

نشتر  2  میں  عملے  کی  شدید  قلت ،علاج  متاثر

ملتان(لیڈی رپورٹر) نشتر 2میں عملے کی شدیدقلت ، مریضوں کا علاج متاثر ہونے لگا، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے وفد کا نشتر 2 کا دورہ، ڈاکٹروں نے مسائل کے انبار لگا دئیے۔۔۔

 تفصیل کے مطابق پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے وفد نے صدر پروفیسر ڈاکٹر مسعود الرئوف ہراج کی سربراہی میں گزشتہ روز نشتر ہسپتال 2 کا دورہ کیا جہاں سینئر جونیئر ڈاکٹروں سے ملاقات کی ۔اس دوران نشتر 2 کے ڈاکٹروں نے بتایا کہ ہسپتال میں ایس این ای کے مطابق فیکلٹی سٹاف کی منظوری کر کے تمام سیٹوں پر فوری بھرتی کی جائے ، نشتر 2 میں سپورٹ سٹاف ، جینی ٹوریل سٹاف کی شدید کمی ہے ، جبکہ نشتر 2 کے ڈاکٹروں کو سپیشل الاؤنس دینے ، ایڈہاک کو ریگولر کرنے اور ڈی جی خان کی طرز علیحدہ پی پی ایس سی لایا جائے ، ڈاکٹروں،سٹاف کو شہر سے نشتر 2 لانے لیجانے کیلئے ویڈا بس کا علیحدہ روٹ رکھا جائے ۔اسی طرح نشتر 2 میں ڈاکٹروں کا ہاسٹل نہیں ہے جبکہ ایدھی سینٹر اور ایمبولینس سینٹر بنایا جائے تاکہ مریضوں کو منتقل کرنے میں پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔اس موقع پر صدر پی ایم اے ملتان ڈاکٹر مسعود الرئوف ہراج نے بتایا کہ ان مسائل کے حل کیلئے کمشنر ملتان سمیت سیکرٹری ہیلتھ پنجاب اور صوبائی وزیر صحت پنجاب سے ملاقات کریں گے اور بھرپور آواز بلند کی جائیگی ۔ادھر پروفیسر وسیم ربانی ،ڈاکٹر راؤ مختار ،ڈاکٹر زاہد شاہ،ڈاکٹر وقاص افضل،ڈاکٹر طاہر چودھری، ڈاکٹر شیخ عبدالخالق ،ذوالقرنین حیدر ،سلمان ظفر ،خورشید عا لم سمیت ڈاکٹرز کی کثیر تعداد موجود تھی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں