کراچی کی ترقی کیلئے 1000 ارب روپے کی ضرورت،وزیراعلیٰ

کراچی کی ترقی کیلئے 1000 ارب روپے کی ضرورت،وزیراعلیٰ

کراچی (این این آئی)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے منتخب عہدیداران سے ملاقات کے دوران کہا کہ کراچی کی ترقی کے لیے سالانہ تقریبا 1000 ارب روپے درکار ہیں تاہم محدود وسائل کے باوجود اس سال شہر کی ترقی کے لیے 218 ارب روپے ملنے کا امکان ہے ۔

اسلام آباد کے صحافیوں کے تھر، سکھر اور گمبٹ سمیت صوبے کے مختلف اضلاع کا دورہ کرنے کے بعد وزیراعلی ہاؤس میں اجلاس منعقد ہوا ۔مراد علی شاہ نے کہا کہ اگرچہ مطلوبہ فنڈز کافی ہیں لیکن کراچی کے انفراسٹرکچر کی ترقی اور تعمیر نو پر تقریباً 1000 ارب روپے خرچ کیے جائیں تو بہتر نتائج ملے گے ۔ انہوں نے کہا کہ وسائل کی کمی کی وجہ سے کراچی کی ترقی کے لیے صرف 218 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سٹی گورنمنٹ کراچی کے تحت مین نالوں کے پشتے الاٹ کیے گئے اور آس پاس کی دیگر مقامات پر تجاوزات کی اجازت دی گئی جس کی وجہ سے نالوں کی صفائی ایک سنگین مسئلہ بن گئی اور شدید بارشوں کے دوران شہر پانی میں ڈوبتا رہا۔مراد علی شاہ نے کہا کہ فٹ پاتھ پر تجارتی سرگرمیوں کی اجازت ہے جہاں سینکڑوں دکانیں قائم ہیں۔ جن اہم سڑکوں کو نان کمرشل رکھنے کی ضرورت تھی انہیں کمرشل مارکیٹس اور مراکز کے قیام کی اجازت دے کر کمرشل بنا دیا گیا جس کے نتیجے میں ٹریفک کا ہجوم ایک سنگین مسئلہ بن گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں