اہل غزہ سے اظہار یکجہتی،اسرائیلی درندگی کیخلاف احتجاج

اہل غزہ سے اظہار یکجہتی،اسرائیلی درندگی کیخلاف احتجاج

محراب پور،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا) اندرون سندھ مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں کی جانب سے اہل غزہ سے بھرپور اظہار یکجہتی اور اسرائیلی درندگی کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے شرکا نے مظالم روکنے کامطالبہ کیا ۔

محراب پور سے نمائندے کے مطابق فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان فلاح پارٹی کی جانب سے نکالی جانے والی احتجاجی ریلی کی قیادت جماعت اسلامی کے امیر غلام شبیر خانزادہ،پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر سہیل اختر عباسی اورمحمد ارشد قادری نے کی۔مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ غزہ جنگ میں اسرائیل نے سفاکیت اور بربریت کی شرمناک تاریخ رقم کی ہے ،اسرائیل فلسطینیوں کی بہیمانہ نسل کشی کر رہا ہے ۔ عمرکوٹ سے نمائندے کے مطابق جماعت اسلامی ،اسلامی جمعیت طلبہ اور جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی جانب سے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف ریلی نکالی گئی جس میں سیاسی ،سماجی و مذہبی جماعتوں کے کارکنوں،شہریوں اور اسکول کے طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔اس موقع پر قیم جماعت اسلامی عمرکوٹ خلیل احمد کھوکھر،اسلامی جمعیت طلبہ میرپور خاص ڈویژن کے ناظم افروز احسن اور جماعت اہل حدیث کے رہنما حافظ نوید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان اتحاد اور اتفاق کے ساتھ طاغوتی قوتوں کا مقابلہ کریں۔فلسطین کی محبت پاکستانیوں کے دلوں میں بیٹھی ہوئی ہے۔ جیکب آباد  میں جماعت اسلامی کے تحت اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے دھرنادیا گیا جس میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں