علی امین گنڈا پور خود کو سلطان راہی سمجھ رہے ،مسلم لیگ(ن)

علی امین گنڈا پور خود کو سلطان راہی سمجھ رہے ،مسلم لیگ(ن)

سکھر(بیورو رپورٹ)مسلم لیگ (ن )سندھ کے نائب صدر حاجی امام الدین کھوسہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما امین گنڈا پور خود کو ملک کا سلطان راہی سمجھ رہے ہیں ،پی ٹی آئی کو ان کی حرکات پر رسوائی کاسامنا ہے ۔۔

پی ٹی آئی کا مشن نیا پاکستان نہیں بلکہ تباہ کن پاکستان ہے اور یہ مشن کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاری بیان میں کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ پی ٹی آئی رہنما و کارکنان ملک میں انتشار پھیلا کر اپنے ناپاک عزائم حاصل کرنا چاہتے ہیں جو ان کی بھول ہے ، پہلے بھی چین کے صدر کی پاکستان آمد سے قبل پی ٹی آئی نے ایسا ہی کیا تھا اور اب بھی یہی گل کھلانے کے چکر میں لگے ہوئے ہیں، ن لیگ نے ہمیشہ ایسی ملک دشمن سازشوں اور اس کے پشت پردہ عناصر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور آئندہ بھی کرے گی۔ مسلم لیگ (ن )سندھ کے نائب صدر حاجی امام الدین کھوسہ نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی یہ سمجھتی ہے کہ ملک میں انتشار پھیلا کر عوام کی ہمدردیاں حاصل کرلے گی تو یہ ان کی بھول ہے ،کیوں کہ پاکستان کے عوام اب باشعور ہوچکے ہیں اور دوست اور دشمن کی اچھی طرح پہچان رکھتے ہیں ۔ان کا کہناتھاکہ اس وقت ملک میں جو مہنگائی اور بے روزگاری کی شرح میں اضافہ ہو ا ہے اس میں موجودہ حکومت کا کوئی دخل نہیں بلکہ پی ٹی آئی حکومت کے دیئے گئے تحفے ہیں جب کہ موجودہ وزیر اعظم اپنی قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت ملک کو تباہی سے بچانے کیلئے دن رات مصروف عمل ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں