مرغی کے نرخ بے قابو،انتظامیہ کی چشم پوشی

مرغی  کے  نرخ  بے قابو،انتظامیہ  کی  چشم  پوشی

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک )شہری انتظامیہ اور کمشنر کراچی مرغی کی سرکاری قیمت میں اضافہ کرنے کے باوجود نئے نرخ پر بھی عمل درآمد میں بری طرح ناکام ہیں۔

کمشنر کراچی نے مرغی کے گوشت کی قیمت مقرر کی تاہم اس قیمت پر تاحال عمل درآمد کے لیے کوئی ایکشن نہیں لیا گیا، شہر بھر میں مرغی کا گوشت بدستور پولٹری فارمرز اور ہول سیلرز پر مشتمل کارٹیل کی مقرر کردہ قیمت پر فروخت کیا جارہا ہے ۔انتظامیہ کی چشم پوشی کا فائدہ اٹھاکر مرغی فروشوں نے مرغی کے گوشت کی قیمت 680 روپے کلو تک کردی ۔ کمشنر کراچی اور شہری انتظامیہ کی جانب سے پولٹری مافیا کے سامنے گھٹنے ٹیکنے کے بعد بھی مرغی کی دکانوں پر سرکاری پرائس لسٹ آویزاں نہ ہوسکی۔ دوسری جانب فی درجن انڈے 360روپے میں فروخت ہونے لگے ۔صارفین کا کہنا ہے کہ انڈے اور مرغی من مانی قیمت پر فروخت ہورہے ہیں شہری انتظامیہ سرکاری نرخ کا اطلاق کرانے میں بری طرح ناکام ہے ۔صارفین کے مطابق شہر میں مرغی کی کسی دکان پر سرکاری پرائس لسٹ آویزاں نہیں اور نہ ہی انڈے سرکاری قیمت پر فروخت ہورہے ہیں۔ شہری انتظامیہ نے گراں فروشوں کو کھلی چھٹی دے دی ہے اور من مانی قیمتوں کو قانونی تحفظ دینے کے لیے مرغی کی قیمت کا سرکاری نرخ نامہ جاری کرنا روک دیا ہے ۔کمشنر کراچی نے شہر میں انڈوں کی فی درجن خوردہ قیمت کا تعین کیا تھا تاہم اس قیمت پر کبھی عمل درآمد نہیں ہوسکا۔

اس وقت بھی مرغی کے انڈے سرکاری قیمت سے زائد نرخ پر فروخت ہورہے ہیں۔ صارفین کا کہنا تھا کہ کچھ ماہ قبل انتظامیہ نے ذخیرہ اندوزوں اور مہنگے داموں اشیائے صرف فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کا دعویٰ کیا تھا تاہم اس کے خاطر خواہ نتائج برآمد نہیں ہوئے ۔لگتا ہے کہ ڈپٹی کمشنرز نے صرف اپنی کارکردگی ظاہر کرنے کے لیے کارروائیوں کے بے بنیاد دعوے کیے ۔شہریوں نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ سے سختی سے باز پرس کی جائے اور حکومت کی رٹ چیلنج کرنے والے مرغی وانڈہ فروشوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے ۔مہنگائی کے ستائے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے ۔دوسری جانب دکانداروں کا دعویٰ ہے کہ تھوک سطح پر مرغی اور انڈے کی قیمت بڑھ رہی ہے جو طلب و رسد کاتوازن خراب ہونے کا نتیجہ ہے ، موسم سرد ہونے کی وجہ سے انڈے اور مرغی کی طلب بڑھ گئی ہے جس سے قیمت میں اضافہ ہورہا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں