عمران خان کو جیل میں میسر سہولتوں بارے اڈیالہ جیل انتظامیہ کا موقف آگیا

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس اور عمران خان کو جیل میں میسر سہولتوں بارے اڈیالہ جیل انتظامیہ کا آفیشل موقف سامنے آگیا۔

جیل حکام کا کہنا ہے کہ عمران خان کو اڈیالہ جیل میں بی کلاس کی تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، بانی پی ٹی آئی کی خوراک، مطالعہ، ورزش کا خاص خیال رکھا جاتا ہے، بانی پی ٹی آئی کے سیل میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی دی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی کلاس کے تحت بانی پی ٹی آئی کو اپنا کھانا الگ سے پکانے کے لئے قیدی کک فراہم کیا ہے، پروفیشنل قیدی کک ان کا ناشتہ، دوپہر اور رات کا کھانا ان کی مرضی سے تیار کرتا ہے۔

جیل حکام کے مطابق بانی پی ٹی آئی ناشتے میں کافی، چیہ سیڈ، چکندر کا جوس، دہی، چپاتی، دہی، بسکٹ اور کھجوریں استعمال کرتے ہیں، دوپہر کے کھانے میں کڑھی پکوڑا، دیسی مرغی، دہی، چپاتی، سلاد، گرین ٹی، مٹن کھاتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ عمران خان رات میں دلیہ، کوکونٹ، کوکونٹ جوس اور انگور وغیرہ کھاتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کا کھانا اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ کی نگرانی میں تیار کیا جاتا ہے۔

حکام کے مطابق جیل میں متین ڈاکٹر بانی پی ٹی آئی کا دن میں تین مرتبہ معائنہ کرتے ہیں، گزشتہ دو ہفتوں کے میڈیکل ٹیسٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی مکمل طور پر صحت یاب ہیں، دو روز قبل پمز ہسپتال کے ڈاکٹروں نے بھی بانی پی ٹی آئی کا معائنہ کیا۔

جیل حکام نے بتایا کہ عمران خان کو روزانہ کی بنیاد پر اخبار فراہم کیا جاتا ہے، بانی پی ٹی آئی روزانہ دو گھنٹے ایکسرسائز کرتے ہیں، بی کلاس میں بانی پی ٹی آئی کی سکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا اور سیاسی جماعتوں کی طرف سے بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے پھیلائی جانے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں