آئینی ترمیم کیلئے نمبرز پورے ہیں، خواجہ آصف نے پھر دعویٰ کردیا

اسلام آباد :(دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کیلئے ہمارے نمبرز پورے ہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا  کہ آئینی ترمیم کا مقصد پارلیمنٹ کی بالادستی قائم کرنا تاکہ تمام ادارے اپنے حدود میں رہ کر کام کریں جب کہ ارکان اسمبلی کے غائب ہونے کا جعلی پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ الحمداللہ ! آئینی ترمیم کے لیے ہمارے نمبرز پورے ہیں، ایک متفقہ مسودہ تیار ہوا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس ترمیم کی حمایت کریں، کوشش ہے کہ آج ہی آئینی ترامیم ہوجائیں، سیاسی جماعتوں کی تجاویز آئین اور قانون کے تحت آرہی ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ یہ خبریں بھی گردش کررہی ہیں کہ کچھ لوگ اغوا ہوئے ہیں، بتایا جائے کوئی خاتون اغوا ہوئی ہیں یا پھر کوئی اور ہوا ہے، سب لوگ اپنے گھروں میں موجود ہیں، یہ جعلی بیانیہ بنانے والی پارٹی ہی اس قسم کے بیان یا کہانی بنارہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں جو واقعہ ہوا، اس کا انجام کیا ہوا، وہ سارا جھوٹ آپ کے سامنے آگیا، یہ جب حکومت میں تھے اور اب جب حکومت سے باہر ہیں تو انہوں نے جعلی بیانیہ بنانے کی فیکٹری لگائی ہوئی ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ سب لوگ اپنے گھروں میں موجود ہیں اور ٹیلی فون پر بھی دستیاب ہیں، یہ لوگ پتہ نہیں کس بات کا رونا رو رہے ہیں، ان کو نظر آرہا ہے یہ ترمیم پاس ہوجائے گی اور انہوں نے جو پناہ گاہیں بنائی ہوئی ہیں وہ ان کو میسر نہیں ہوں گی۔

اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم پر اتفاق رائے پیدا ہوجائے تو زیادہ اچھا ہے، مستقبل میں اس کی افادیت زیادہ ہوگی تاہم اتفاق رائے نہ ہوا تو پھر بھی نمبرز پورے ہیں۔

قومی اسمبلی وسینیٹ اجلاس کا وقت بار بار تبدیل ہونے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے مزید کہا کہ اجلاسوں کے اوقات میں تبدیلی اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں