بشنوئی گینگ کا سلمان خان سے دشمنی ختم کرنے کیلئے بھاری رقم کا مطالبہ

ممبئی: (ویب ڈیسک) بدنام زمانہ بھارتی گینگسٹر لارنس بشنوئی نے دیرینہ دشمنی ختم کرنے کے لیے بالی وڈ کے سٹار سلمان خان سے بھاری رقم کا مطالبہ کردیا۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بشنوئی گینگ نے دشمنی ختم کرنے کے لیے سلمان خان سے 5 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا ہے، بھارتی سیاسی رہنما بابا صدیقی کے قتل کے بعد بالی وڈ کے دبنگ کی جان کو لاحق خطرات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مبینہ طور پر لارنس بشنوئی گینگ کے ایک رکن کی جانب سے ممبئی ٹریفک پولیس کو واٹس ایپ پیغام موصول ہوا ہے جس میں اداکار کو جانے سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے۔

اس پیغام میں کہا گیا ہے کہ اگر سلمان خان زندہ رہنا چاہتے ہیں اور دیرینہ دشمنی ختم کرنا چاہتے ہیں تو 5 کروڑ روپے ادا کریں، اس دھمکی کو ہلکا نہ لیں، بصورت دیگر اداکار کا حال مہاراشٹرا کے سابق وزیر بابا صدیقی سے بھی بدتر ہو گا جنہیں حال ہی میں بشنوئی گینگ نے گولی مار کر قتل کردیا تھا۔

ممبئی پولیس نے اس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور سلمان خان کی رہائش گاہ کے ارد گرد سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب سلمان خان کو بشنوئی گینگ کی طرف سے جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہو، 2022 میں اداکار کو دھمکی آمیز خط ان کی رہائش گاہ کے قریب ایک بینچ سے ملا تھا اور مارچ 2023 میں مبینہ طور پر گینگ کے ارکان کی طرف سے ایک ای میل بھیجی گئی تھی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں