نیب کا لاہور ہائیکورٹ سے جرمانے کے حکم کیخلاف عدالت عظمیٰ سے رجوع
لاہور:(دنیا نیوز) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ اور محمد خان بھٹی کے خلاف ریفرنس کے معاملہ پر نیب نے لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے عائد جرمانے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔
نیب کی جانب سے درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ملزمان کے خلاف احتساب عدالت لاہور میں ریفرنس زیر سماعت ہے، 19 مارچ کو دونوں ملزمان نے انکوائری کے دوران ریکارڈ کیے گئے بیانات فراہمی کی درخواستیں دائر کیں، 15 مئی کو احتساب عدالت نے ملزمان کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے بیانات فراہم کرنے کا حکم سنایا۔
اسی طرح قومی احتساب بیورو نے 15 مئی کا احتساب عدالت کا حکم نامہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا، 21 اگست کو لاہور ہائیکورٹ نے درخواست ابتدائی مراحل میں ہی 2 لاکھ روپے جرمانے کیساتھ مسترد کردی۔
درخواست میں نیب نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ نے جرمانے سے متعلق قانون کی غلط تشریح کی اور ڈویژن بینچ نے جلد بازی میں نیب پر 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا۔
قومی احتساب بیورو نے اپنی درخواست میں استدعا کی کہ ہائیکورٹ کی جانب سے عائد 2 لاکھ روپے جرمانے کی قانونیت کا جائزہ لیا جائے اور عدالت کا حکم نامہ عائد کیے گئے جرمانے کی حد تک واپس لیا جائے۔