گورنر پنجاب سے پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی کی ملاقات، کسان ٹیکس پر گفتگو

لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید علی حیدر گیلانی اور ممبر قومی اسمبلی سید علی قاسم گیلانی نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کسانوں کے حق میں آواز اٹھائی ہے، پیپلز پارٹی نے پنجاب اسمبلی میں کسان پر زرعی انکم ٹیکس بل کے پیش کرنے کے دوران واک آؤٹ کیا۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں کا کوئی پرسان حال نہیں، گندم کا 3900 روپے ریٹ کا اعلان ہوا تو گندم 2000 میں بھی لینے کے لیے تیار نہیں تھے، زرعی دوائیاں اور بیج انتہائی مہنگے ہیں، کسان پہلے ہی مہنگائی سے پریشان ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ہماری قیادت آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری کسانوں کا درد رکھتے ہیں، پیپلز پارٹی کسی صورت کسانوں کو اکیلا نہیں چھوڑے گی، ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر پلیٹ فارم پر آواز اٹھائے گی۔

اس موقع پر علی حیدر گیلانی نے کہا کہ حکومت کسانوں کے خلاف ایسے بل لا کر احتجاج اور دھرنوں کو دعوت دے رہی ہے، حکومت کسانوں کے ساتھ کیا ہمارے ساتھ کئے گئے وعدے بھی پورے نہیں کر رہی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں