ضلع کرم میں دہشتگردی، صدر اور وزیراعظم سمیت اہم شخصیات کی شدید مذمت

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سمیت اہم شخصیات نے کرم میں دہشتگردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے ضلع کرم میں مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نہتے مسافروں پرحملہ انتہائی بزدلانہ اور انسانیت سوز عمل ہے، شہریوں پر حملے کے ذمےداران کو کیفر کردار پہنچایا جائے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کرم میں معصوم شہریوں بشمول خواتین، بچوں کے قافلے پر حملے کی شدید مذمت کی اور حملے میں خواتین، بچوں سمیت جاں بحق افراد کی بلندی درجات، اہلخانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ معصوم شہریوں کا خون بہانے والے مسلمان تو کیا انسان کہلانے کے لائق نہیں، شہباز شریف نے حملے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ حملہ آوروں کی نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: لوئرکرم میں مسافرگاڑیوں پر مسلح افراد کی فائرنگ ، 38 افراد جاں بحق

وزیراعظم نے کہا کہ امن کے دشمنوں نے معصوم شہریوں کے قافلے پر حملہ کیا جو حیوانیت کے مترادف ہے، ملک دشمن عناصر کے وطن عزیز کے امن کوتباہ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنائیں گے۔

وزیرداخلہ محسن نقوی کی جانب سے بھی ضلع کرم میں معصوم شہریوں بشمول خواتین، بچوں کے قافلے پر حملے کی شدید مذمت کی گئی۔

محسن نقوی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے حملوں پر اظہارتشویش کیا، دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا ۔

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے بھی ضلع کرم میں مسافروں گاڑیوں پر مسلح افراد کے حملے کی مذمت کی، علی امین نے صوبائی وزیرقانون، متعلقہ ایم این اے و ایم پی اے،چیف سیکرٹری کو کرم کا دورہ کرنے کی ہدایت کی۔

واضح رہے کہ ضلع لوئر کرم میں مسافر گاڑیوں پر دہشتگردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں 38 افراد جاں بحق گئے جبکہ حملے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں