کوئی ہو یا نہ ہو 26 ویں آئینی ترمیم پاس ہو جائے گی: فیصل واوڈا
اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ کوئی ہو یا نہ ہو 26 ویں آئینی ترمیم پاس ہو جائے گی، اگر آجائیں گے تو عزت بچ جائے گی نہیں آئیں گے تو ترمیم پاس ہو جائے گی عزت نہیں بچے گی۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ ہیرو سے زیرو ہونے میں دیر نہیں لگتی، جو رونے دھونے کر رہے ہیں کہ یہ ہو گیا وہ ہو گیا اب کوئی کلیریفکیشن نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ اٹھایا ہے تو جاؤ سمجھتے رہو، اب کوئی کلیریفکیشن نہیں ہے، 26 ویں آئینی ترمیم ہو کر رہے گی، جو کرنا ہے کر لیں، جو سمجھنا ہے سمجھ لیں، مزید کوئی وضاحت نہیں ہوگی، اندر کی کہانی بعد میں بتاؤں گا کیوں یہ گئے کے پی ہاؤس، ان کی اتری ہوئی شکلیں دیکھیں۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ اگر سمجھتے ہو پیسہ دیا ہے تو سمجھتے رہو، تشدد کیا ہے توسمجھتے رہو، اٹھایا ہے، تو سمجھتے رہو، اپوزیشن کو جو مرضی سمجھنا ہے وہ سمجھے، ان الزامات پر مزید وضاحت نہیں دی جائے گی۔
صحافی نے سوال کیا کہ اگر آرٹیکل 8 کو نہیں چھیڑا تو ہومیو پیتھک ترمیم کی کیا ضرورت تھی؟ جس پر فیصل واوڈا نے کہا کہ ہم چھیڑیں گے اور سب کو چھیڑیں گے، اجلاس سے واپسی کے بعد سب بتاؤں گا۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ انہیں پتہ ہے ترمیم اب منظور ہو گی، بانی پی ٹی آئی کو یہاں تک پہنچانے والے یہ بکاؤ مال ہیں، بکاؤ مال کی شکلیں آج آپ نے دیکھ لیں۔