کندھکوٹ :فصل کے معاملے پر قبائلی تصادم میں دو افراد قتل
کندھکوٹ(نمائندہ دنیا)کندھکوٹ میں بھیو قبیلے کے قتل ہونے والے دو افراد کی لاشیں ورثاء نے انڈس ہائی وے پر رکھ کر دھرنا دے دیا۔ دھرنے کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی ۔ ڈی ایس پی کے مظاہرین سے مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کردیاگیا ۔
تفصیلات کے مطابق کندھکوٹ میں درانی مہر تھانہ کی حدود میں بھیو قبیلے کے دو فریقین میں فصل کے معاملے پر ہونے والے تصادم میں قتل دو افراد حنیف بھیو اور مرتضیٰ بھیو کی لاشیں انڈس ہائی وے جھولے لال پمپ کے مقام پر رکھ کر مقتولین کے ورثاء اور بھیو قبیلے کے افراد نے سیف اللّٰہ بھیو، وکیل انیس بھیو، عبدالمالک بھیو کی قیادت میں احتجاجی دھرنا دے دیا۔دھرنے کی وجہ سے اسی روٹ سے دیگر صوبوں کی طرف آنے جانے والے ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔مقتولین کے ورثاء کا کہنا تھا کہ مسلح افراد نے حملہ کر کے دو افراد کو قتل جبکہ دس سے زائد افراد کو زخمی کر دیا ، ملزمان ہر کسی سے بھتہ لیتے ہیں ہم شریف لوگ ہیں ،ہمیں پولیس سے ہی امید ہے لیکن پولیس کچھ کرنے کیلئے تیار نہیں، اسلئے ہم نے دھرنا دیا ہے ،تین گھنٹوں تک دھرنا جاری رہنے کے بعد ڈی ایس پی سید اصغر علی شاہ نے پہنچ کر مظاہرین سے مذاکرات کیے اور جلد قاتلوں کو گرفتار کرنے اور مقدمہ درج کرنے کی یقین دہانی کروا ئی جس کے بعد دھرنا ختم کردیاگیا۔