سکھر:شادی میں پٹاخوں کیلئے رشوت نہ دینے پر دولہا لاک اپ

 سکھر:شادی میں پٹاخوں کیلئے رشوت نہ دینے پر دولہا لاک اپ

سکھر، اندرون سندھ (بیورو رپورٹ، نمائندگان دنیا)سکھر پولیس کا کارنامہ، شادی کی خوشی میں پٹاخے چلانے کیلئے مانگی گئی رشوت نہ دینے پر دولہے کو لاک اپ کردیا ۔

اطلاعات کے مطابق گز شتہ روز سکھر کے علاقے واری تڑ روڈ میں لانچ موڑ چوکی کے پولیس اہلکاروں نے شادی کی خوشی میں پٹاخے چلانے کیلئے مانگی گئی رشوت نہ دینے پر آتش بازی کے الزام میں دولہے ماجد راجپوت ولد ارشاد راجپوت کو گرفتار کر کے چوکی پر بیٹھا دیا جبکہ انتظار میں دلہن والے بارات کی راہ تکتے رہ گئے ۔دوسری جانب واقعے کی اطلاع پر دولہے کے والد ماجد و دیگر باراتی بھی پولیس چوکی کے باہر جمع ہوگئے اور انہوں نے پولیس کے خلاف نعریبازی کی ، بعد ازاں علاقہ معزز ین کی مداخلت کے بعد پولیس نے دولہے کو شخصی ضمانت پر چھوڑ دیا۔ ٹنڈو محمد خان میں پولیس نے 60 لاکھ 25 ہزار روپے کی ڈکیتی کا کیس ٹریس کر کے واردات میں ملوث 2 ڈکیتوں کو گرفتارکر لیا۔ایس ایس پی ٹنڈو محمد خان عابد علی گڈانی بلوچ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ چند روز قبل 7 ملزمان خان رائس ملز میں اسلحے کے زور پر 60 لاکھ 25 ہزار نقدی اور شارٹ گن لوٹ کر فرار ہو گئے تھے ۔ تفتیشی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور تکنیکی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے حاجی محمد کھوسو ولد عبدالخالق کھوسو اور محمد اسحاق ولد شفی محمد جٹ کو گرفتار کرکے 15 لاکھ روپے ، اسلحہ ، گولیاں اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ابتدائی تفتیش میں ڈکیتوں نے اپنا تعلق منظم کرمنل گینگ سے ظاہر کرتے ہوئے متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا۔ پڈعیدن کے نواحی علاقوں میں پولیس نے کریک ڈاون کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کرکے مسروقہ رقم ایک لاکھ 15 ہزار روپے ، چوری شدہ موٹرسائیکل ، چرس برآمد کرکے مقدمات درج کرلیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں