اتحادٹاؤن سے اغوا ہونے والی خاتون بازیاب،ملزم گرفتار
کراچی(اسٹاف رپورٹر)تھانہ اتحاد ٹاؤن تفتیشی ٹیم نے تکنیکی بنیاد پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مغوی خاتون کو بازیاب کر کے ملزم کو گرفتارکر لیا۔ خاتون شاہدہ زوجہ زوہیب کے اغوا کا مقدمہ تھانہ اتحاد ٹاؤن میں درج کیا گیا تھا۔
لیفٹیننٹ (ر) اظہر جاوید کے مطابق تفتیشی ٹیم نے SIO تھانہ اتحاد ٹاؤن سب انسپکٹر ناصر خان کی سربراہی میں تکنیکی بنیادوں پر کاروائی کرتے ہوئے مغویہ کو بحفاظت بازیاب کر کے ملزم رضوان ولد فتح محمد کو گرفتارکر لیا۔ ادھر قائدآباد پولیس نے موٹرسائیکل لفٹنگ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مہران ہائی وے کے قریب سے 2 ملزمان کو گرفتار کیا۔گرفتار ملزمان کی شناخت بلال اور اسماعیل کے نام سے ہوئی۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک عدد چوری شدہ موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والی موٹرسائیکل تھانہ شاہ فیصل کی حدود سے سرقہ شدہ ہے ۔گرفتار ملزمان موٹرسائیکل چوری کرنے کی کئی واردتوں میں بھی ملوث ہیں،گرفتار ملزمان کا مزید کرمنل ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے ۔قائدآباد پولیس کی جانب سے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔